کراچی کی11کچی آبادیوں میں کورونا کیسز سامنے آئے ہیں، مراد علی شاہ

کراچی کی11کچی آبادیوں میں کورونا کیسز سامنے آئے ہیں، مراد علی شاہ

کراچی(بی ایل آٸی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وسطی کراچی کے کچی آبادیوں میں سے 11 کورونا وائر س کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 209 مزید نئے کورونا کے کیسز ظاہر ہوئے ہیں جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں اور صوبہ سندھ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 47 ہوگئی ہے جو 2.1 فیصد ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے کل 2372 ٹیسٹ کیے تھے جن میں سے 209 مثبت آئے ہیں، اس وقت سندھ میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 2217 ہوگئی ہے اور 5 افراد صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 581 ہے جو کل مریضوں کا 26 فیصد ہے جبکہ 1589 مریض ابھی زیرعلاج ہیں اور ان میں سے 872 اپنے گھروں میں، 469 آئیسولیشن مراکز اور 248 اسپتالوں میں ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت کے کل 4692 افراد تھے جن میں 4653 کے نمونے لیے گئے اور ان میں سے 429 مثبت آئے ہیں جبکہ 911 ٹیسٹ کا نتیجہ ابھی باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تبلیغی جماعت کے 132 کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ آئیسولیشن میں ہیں، باقی 77 کیسز کراچی میں ظاہر ہوئے ہیں، یہ تشویشناک بات ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی صورتحال سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کراچی میں کورونا کے 30 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں لیاری، صدر، گارڈن کے علاقے شامل ہیں جبکہ کراچی شرقی میں 16 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں گلبہار، گلستان جوہر، شریف اور KECHS شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورنگی میں 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس میں نصیر کالونی، فیصل کالونی، پی آئی اے سوسائٹی شامل ہیں جبکہ ملیر میں 6 کورونا کیسز سامنے آئے ہیں جس میں لانڈھی اور گلشن حدید کے علاقے شامل ہیں۔

اسی طرح کر اچی غربی میں 8 کیسز، جس میں افغان بستی، نادرن بائی پاس، بلدیہ شامل ہیں اور وسطی کراچی کے کچی آبادیوں میں 11 کورونا کیسز سامنے آئے ہیں، کراچی سے باہر تبلیغی جماعت کے علاوہ کوئی نیا کیس نہیں ہوا اس لیے ہم کراچی کے کیسز والے علاقوں میں لاک ڈائون سخت کریں گے۔

سید مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ لوگ جمعہ کی نماز گھروں میں پڑھیں۔

سید مراد علی شاہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ بیرون ملک میں رہنے والے پاکستانیوں کا یہاں سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب آپ پاکستان سے باہر رہنے والے بھائیوں کے ساتھ ہیں، آپ نے ہمیشہ پاکستان میں ذرمبادلہ بھیج کر ساتھ دیا ہے، وفاقی حکومت آپ کو واپس لانے کےلیے اقدامات کر رہی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج ایک فلائٹ باہر رہنے والے پاکستانیوں کو وطن لائے گی اور اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی عوام،وفاقی اور سندھ حکومت آپ کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.