کراچی کی روشنیاں بحال ہو رہی ہیں اور کراچی ایک اسپورٹس سٹی بن کر رہے گا

کراچی (عبدالستار مندرہ) پاکستان میں پی ایس ایل کے پانچ میچز ہوں گے جب کہ یہ ایونٹ دس دن تک جاری رہے گا، سیکورٹی اور ٹرانسپورٹیشن کا فول پروف پروگرام اور پلان مرتب کر لیا ہے ، سیکورٹی اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں ، کراچی کی روشنیاں بحال ہو رہی ہیں اور کراچی ایک اسپورٹس سٹی بن کر رہے گا، ان خیالات کا اظہار کمیشنر کراچی افتخار احمد شلوانی نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں پی ایس ایل کے کراچی میں میچز اور سیکورٹی صورتحال کے سلسلے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور میونسپل کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے شائقین بہت پرجوش ہیں اور کراچی میں بھی شہری میچز دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں جبکہ اس سال پی ایس ایل کے کراچی میں پانچ میچز ہوں گے اس حوالے سے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی سربراہی میں ایک کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو اس دوران تمام معاملات پر نظر رکھے گی۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی کو اسپورٹس سٹی ڈکلئیر کیا گیا ہے اور اس حوالے سے کراچی بھر میں بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔ ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ جو لوگ اسٹیڈیم میں جا کر میچز نہیں دیکھ سکتے اس لیے کراچی کی مختلف پارکس اور کھلی جگہوں پر بڑی اسکرینز لگائی جائیں گی تاکہ لوگ اور خاص کر فیملیز میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔ کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایونٹ کے دوران لوگوں کو چند مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا جن میں سے سڑک کی بندش یا جزوی رکاوٹ لیکن ہسپتالوں کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے تاکہ کسی ایمر جنسی کی صورت میں مسائل نہ ہوں تاہم ہم عوام سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اداروں سے بھر پور تعاون کریں گے اور کرکٹ کو پاکستان میں واپس لانے کے لیے ہمارا ساتھ دیں گے۔ صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے کہا کہ کراچی نے ماضی میں بہت سارے مسائل کا سامنا کیا ہے۔ کراچی کے لوگوں نے دہشت گردی اور شدت پسندی دونوں کا سامنا کیا ہے لیکن اب کراچی کی روشنیاں بحال ہو رہی ہیں اور ہم ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے حوالے سے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں اس حوالے سے چیف منسٹر ہاﺅس سمیت وزیر بلدیات سعید غنی اور مشیر اطلاعات مرتضی وہاب ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں تاکہ کراچی ایک اسپورٹس سٹی کا منظر پیش کر سکے۔ میونسپل کمشنر کے ایم سی ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ سیکورٹی کا فول پروف انتظام کیا گیا ہے اور کراچی کی صفائی بھی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس طرح کے ایونٹس ہونے چاہئیں تاکہ کرکٹ پاکستان میں واپس آ سکے۔ کراچی کے تمام ادارے اس حوالے سے مل کر کام کر رہے ہیں۔

About BLI News 3264 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.