کراچی کویومیہ 65 ملین گیلن اضافی پانی کی فراہمی کا منصوبہ، تعمیراتی کام کا آغاز آج ہوگا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی کو 65 ملین گیلن یومیہ اضافی پانی کی فراہمی کے منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کیلئے کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ اور نیشنل لاجسٹک سیل کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں ،آج بدھ سے باقاعدہ تعمیراتی کام کا آغاز کردیا جائے گا، معاہدے کے تحت این ایل سی کراچی کے شہریوں کو 65 ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کیلئے کینجھر گجو کینال سے گھارو تک 21 کلو میٹر طویل کینال اورکنڈیوٹ تعمیر کرے گی جبکہ ہالیجی جھیل کی بحالی کیلئے بھی کام کیا جائے گا منصوبہ کی تکمیل سے کراچی میں فراہمی آب کی صورتحال بہتر ہوگی ایم ڈی واٹربورڈ کا تقریب سے خطاب ،تفصیلات کے مطابق منگل کو ایم ڈی سیکریٹریٹ میں واٹربورڈ اور نیشنل لاجسٹک سیل کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کی سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی،تقریب میں کراچی کو یومیہ 65 ملین گیلن پانی کی فراہمی کے منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے معاہدے پر دستخط ہوئے، واٹربورڈ کی جانب سے پروجیکٹ ڈائریکٹر 65 ایم جی ڈی پروجیکٹ ظفر پلیجو جبکہ این ایل سی کے بریگیڈیر توقیر افسر نے دستخط کئے،اس موقع پر واٹر بورڈ اور این ایل سی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ، منصوبے پر دو ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ تکمیلی مدت 18 ماہ ہے ، معاہدے کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں نیشنل لاجسٹک سیل کینجھر گجو کینال سے گھارو تک 16 کلو میٹر طویل کینال اور 5 کلو میٹر طویل آر سی سی کنڈیوٹ تعمیر کرے گی ، معاہدے کے مطابق ہالیجی سے متبادل ذرائع کے طور پر بھی پانی حاصل کیا جائے گا ،اس مقصد کیلئے ہالیجی کی بحالی و صفائی بھی نیشنل لاجسٹک سیل کے ذمہ ہوگی ، پہلے مرحلے کا ٹھیکہ صاف و شفاف طریقہ سے سیپرا رولز کے تحت این ایل سی کو دیا گیا ہے ، واضح رہے کہ کراچی کو 65 ملین گیلن اضافی پانی کی فراہمی کے اس منصوبے کو چار مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے دیگر تین مراحل کیلئے کارروائی جلد مکمل کرکے ان کے ٹھیکے بھی قواعد و قانون کے مطابق تفویض کردیئے جائیں گے۔
About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.