کراچی والوں کے لئے لوڈ شیڈنگ سے نجات اور سستی بجلی کی خوش خبری

کراچی: 

چین کی ’شنگھائی الیکٹرک کارپوریشن‘ نے ’کے الیکٹرک‘ (سابقہ کے ای ایس سی) کو خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں ان دونوں اداروں کے درمیان مذاکرات بھی اب آخری مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔

توقع ہے کہ یہ معاہدہ اس سال کے اختتام تک طے پا جائے گا اور جنوری 2017 تک ’کے الیکٹرک‘ کے اختیارات و انتظامات موجودہ ’ابراج گروپ‘ سے شنگھائی الیکٹرک کارپوریشن کو منتقل کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہوجائے گا؛ جس کے جون 2017 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔

واضح رہے کہ شنگھائی الیکٹرک کارپوریشن چین میں صنعتی برقی آلات بنانے والی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد شنگھائی الیکٹرک کارپوریشن بطورِ خاص کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور کم قیمت بجلی کی فراہمی پر کام کرے گی جب کہ بجلی کی چوری روکنے کےلئے ’’کارڈ سسٹم‘‘ بھی متعارف کروایا جائے گا۔

مختلف ذرائع سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ شنگھائی الیکٹرک کارپوریشن نے ’کے الیکٹرک‘ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے حوالے سے ایک طویل مدتی منصوبہ بھی بنایا ہوا ہے جس کے تحت ادارے کی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے بجلی کی پیداوار اور تقسیم کی جدید ترین ٹیکنالوجی بھی استعمال میں لائے جائے گی اور اس ادارے کو دنیا میں ایک رول ماڈل بناتے ہوئے عالمی سرمایہ کاری کے حجم میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ’کے الیکٹرک‘ کے حصص کی مجموعی مالیت 2.3 ارب ڈالر (تقریباً 230 ارب روپے) ہے جن میں سے 72.58 فیصد حصص کی ملکیت ابراج گروپ کے پاس ہے۔ کے الیکٹرک کی سالانہ آمدنی اس وقت 200 ارب روپے سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ اس کے تمام اثاثوں کی مجموعی مالیت 368 ارب روپے بتائی جاتی ہے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.