کراچی میں دو ٹرینوں میں تصادم سے 19 افراد جاں بحق، 40 سے زائد زخمی

کراچی: 

جمعہ گوٹھ کے قریب دو ٹرینوں میں تصادم سے آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔

کراچی کے علاقے جمعہ گوٹھ میں 2 ٹرینیں آپس میں ٹکرانے سے کم از کم 19 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرید ایکسپریس جمعہ گوٹھ کے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی تھی کہ ملتان سے آنے والی زکریا ایکسپریس نے پیچھے سے ٹکر ماری۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں فرید ایکسپریس کا گارڈ محمد حسین بھی شامل ہے جب کہ ڈرائیور محمد رفیق کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے 15 افراد کی لاشوں اور 50 زخمیوں کو جے پی ایم سی لانے کی تصدیق کی ہے جب کہ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ ذرائع جناح اسپتال کا کہنا ہے کہ 30 کے قریب زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ڈی سی او کراچی ریلوے ناصر عزیز کا کہنا ہے کہ فرید ایکسپریس سگنل پر کھڑی تھی کہ پیچھے سے آنے والی زکریا ایکسپریس نے اسے ٹکر ماری، ریلوے حکام جائے وقوعہ پر پہنچ رہے ہیں اور حادثے کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے گی، غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی سی او کراچی ریلوے کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کراچی سے اندرون ملک جانے اور اندرون ملک سے کراچی آنے والی ٹرینوں کی آمدورفت کو روک دیا گیا ہے اور متاثرہ بوگیوں کو پٹری سے ہٹانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی 3 بوگیاں اور انجن بری برح متاثر ہوئی ہیں جب کہ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ورثا سے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعطم نواز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی ہر طرح سے تحقیقات کی جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بھی ٹرین حادثے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ٹرین حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں دل رنج و الم میں ڈوب گیا ہے، ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے 15 لاکھ روپے فی کس جب کہ زخمیوں کے لئے ساڑھے 3 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.