کاروبار چلنے سے ہی عام آدمی کو روز گار ملے گا، عثمان بزدار

لاہور(بی ایل آٸی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت صنعتکاروں اور تاجر برادری کے لیے مزید آسانیاں پیدا کرے گی، کاروبار چلنے سے ہی عام آدمی کو روز گار ملے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے سربراہ گوہر اعجاز کی وفد سمیت ملاقات ہوئی۔

اس دوران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔

عثمان بزدار نے تاجر برادری اور صنعتکاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے، مارکیٹوں اور بازاروں کومرحلہ وار کھولا جائے جائے گا، زوننگ کر کے مارکیٹوں کو مخصوص دن اور مخصوص اوقات میں کھولنے کی تجویز زیر غور ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں مرحلہ وار کاروبار کی اجازت دینے کے لیے ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مارکیٹیں اور بازار کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صنعتکاروں اور تاجر برادری کو وضع کردہ ہدایات پر عملدرآمد کرنا ہوگا جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انڈسٹری کوبند کر دیاجائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سفارشات وفاق کو پیش کردی ہیں، وفاق کی مشاورت سے ایکسپورٹ سیکٹر سے منسلک فیڈنگ انڈسٹری کو بھی کھولا جائے گا اور پاور لومزکو کام کرنے کی اجازت دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مزید کہا ہے کہ ایسی تمام فیکٹریز جن کی اپنی لیبر کالونیاں ہیں انہیں بھی کھولنے کی سفارش کی ہے، آئرن اینڈ اسٹیل انڈسٹری اور ہوم اپلائنسز انڈسٹری کو کھولنے کی تجویز دی ہے۔

ملاقات کے دوران اپٹما کے سربراہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے فرنٹ لا ئن پر کام کر کے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے۔

گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار حقیقی معنوں میں وسیم اکرم پلس ثابت ہوئے ہیں، صنعتکاروں اورتاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔

About BLI News 3253 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.