ڈی جی ایف آئی اے تسلیم کرلیں کہ وہ ملک سے انسانی اسمگلنگ ختم نہیں کر پائے،چیف جسٹس ریمارکس

اسلام آباد(بی ایل ٰآئی )عدالت عظمیٰ نے ایران کے راستے خلیجی ممالک جانے کے خواہشمند پنجاب سے تعلق رکھنے والے 20 مزدوروں کو بلوچستان کی تحصیل تربت کے علاقہ بلیدا میں اغواء کے بعد قتل کر کے انکی نعشیں پہاڑوں پر پھینک دینے کے ہولناک واقعہ کے خلاف لئے گئے از خودنوٹس کیس کی سماعت کے دوران ڈی جی ایف آئی اے سے اس واقعہ کے انسانی اسمگلنگ کے پہلوئوں جبکہ بلوچستان حکومت سے اس کیس میں ہونے والی پیشرفت اور آئندہ کے لئے ایسے واقعات کے حوالے سے اٹھائے جانے والے انسدادی اقدامات سے متعلق نئی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت فروری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ڈی جی ایف آئی اے تسلیم کرلیں کہ وہ ملک سے انسانی اسمگلنگ ختم نہیں کر پائے ہیں، جرم کا ارتکاب ہونے سے پہلے روکنا ہی مہارت ہے۔ ڈی جی یقین دہانی کروائیں آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا تو عدلیہ کندھا دینے کو تیار ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے جمعرات کے روز از خود نوٹس کیس کی سماعت کی توڈی جی ایف آئی اے اور چیف سیکرٹری بلوچستان عدالت میں پیش ہوئے۔ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ ہمارے پاس بہت کم وسائل ہیں اورتفتیش کے لئے مکمل ٹولز نہیں ہیں جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے پاس وسائل نہیں ہیں توکیا ہم یہ تسلیم کرلیں کہ اس مقدمہ کے سلسلے میں آپ کچھ نہیں کرسکتے؟ یا وسائل نہ ہونے کا سن کر ہم چپ کرکے بیٹھ جائیں۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.