ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے قافلے پر خودکش حملہ ،25 افراد شہید ،عبدالغفور حیدری سمیت35زخمی

مستونگ (ټویب ڈیسک) مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں انکے ڈرائیور اور جے یو آئی ف کے کارکنوں سمیت 25افرادشہید جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری اور دیگر34افراد زخمی ہو گئے  ہیں جنہیں سول ہسپتال مستونگ منتقل کر دیا گیا ہے ،خودکش حملے میں جے یو آئی کوئٹہ کے امیر قدرت اللہ لہڑی کے  شہید ہونے  کی بھی اطلاعات  ہیں ،سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے ۔

مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری  مقامی مدرسے میں طلبا کی دستار بندی کے بعد قافلے کی صورت میں روانہ ہونے لگے  توخودکش حملہ آور ایک گاڑی سے جا ٹکرایا  ،دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی. ڈی پی او مستونگ نے خودکش حملے کے نتیجے میں کارکنوں سمیت 25افراد کی شہادت جبکہ جے یو آئی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری سمیت 35افراد  کے زخمی  ہونے کی تصدیق کر دی ہے جنہیں مستونگ ہسپتال منتقل کر تے ہوئے  ایمرجنسی نافذ  کر دی گئی ہے  جبکہ  شدید زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کیا جا رہا ہے ۔زخمیوں میں مولانا عبدالغفور حیدری کے قریبی ساتھی اور نجی ٹی وی کے نمائندے بھی شامل ہیں ۔

خودکش حملہ اس وقت کیا گیا جب جے یو آئی کا قافلہ مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں علاقے سے گز ر رہا تھا جس سے ان کی گاڑی بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ قافلے میں موجود دیگر گاڑیوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔خودکش حملے کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم حملے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔

ڈی پی او مستونگ غضنفر علی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر حملے کو خودکش قرار دیتے ہوئے کہا ہے مولانا تقریب کے بعد واپس جا رہے تھے کہ خودکش حملہ آور انکی گاڑی کیساتھ جا ٹکرایا جس کے بعد دھماکا ہوا ۔

ڈی پی او مستونگ کا کہنا تھاکہ مولانا عبدالغفور حیدری کی گاڑی کے آگے اور پیچھے پولیس سکواڈ موجود تھا اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ حادثے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.