ڈسٹرکٹ سینٹرل میں قائداعظم ڈے فیسٹول فٹبال میچ قائد اعظم الیون نے جیت لیا

علامہ اقبال الیون کو 1-0سے شکست‘ چیئرمین بلدیہ ڈسٹرکٹ سینٹرل ریحان ہاشمی نے انعامات تقسیم کئے
مین آف دی میچ سبحان سلیم اور بہترین گول کیپر دانش پٹنی قرار پائے‘ دونوں ٹیموں کو کیش پرائز بھی دیا گیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سندھ اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے بانی پاکستان کی 141ویں سالگرہ کی خوشی میں ڈی ایف اے کراچی سینٹرل کے زیر اہتمام اپوا گرلز کالج ، کریم آباد پر قائد اعظم ڈے اسپورٹس فیسٹول میں ایک نمائشی میچ قائد اعظم الیون اور علامہ اقبال الیون کے مابین کھیلا گیا ۔ قائد اعظم الیون نے علامہ اقبال الیون کو 1-0سے شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔ میچ کا فیصلہ کن گول قائد اعظم الیون کی جانب سے سبحان سلیم نے اسکور کیا جبکہ فاتح ٹیم کے دانش پٹنی بہترین گول کیپر قرار پائے۔ وقفہ کے دوران مہمان خصوصی ریحان ہاشمی، چیئرمین بلدیہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کا تعارف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کرایا گیا ۔ میچ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں فٹبال کی صحت مند سرگرمیوں کو تواتر سے جاری رکھنے پر ڈی ایف اے کراچی سینٹرل کے صدر سید عثمان شاہ، سیکریٹری سلیم پٹنی (گولڈ میڈلسٹ) و دیگر کابینہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے نامساعد حالات کے باوجود کوششیں کررہے ہیں اور 100روزہ صفائی مہم ہماری اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ ہم دیگر ذمہ داروں سے غافل ہیں ۔ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ بس ہمیں آپ سب کا تعاون اور راہنمائی درکار ہے۔ سیکریٹری سلیم پٹنی کی درخواست پر مہمان خصوصی نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں فتبال کے میدانوں کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہاکہ ایک وفد کی شکل میں آپ دفتر تشریف لائیں اور اپنی گذارشات اور مسائل کو تحریری شکل میں جمع کرائیں ، آپ کے مسائل کو بتدریج حل کرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے گی۔ بعدازاں مہمان خصوصی نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں میں ونر اور رنر ٹرافی اورکیش پرائز کے علاوہ کھلاڑیوں میں میرٹ سرٹیفکٹ بھی تقسیم کئے ۔ سیکریٹری سلیم پٹنی نے تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی ریحان ہاشمی اور سیکریٹری اسپورٹس سندھ سلیم رضا اور سندھ اسپورٹس بورڈ کے کوارڈنیٹر مشیر ربانی کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹر ل میں فٹبال کھیل کو متحرک اور فعال بنانے کیلئے ہم سے ہر ممکن تعاون کیا۔توقع ہے کہ چیئرمین بلدیہ ڈسٹرکٹ سینٹرل، سندھ گورنمنٹ اور سندھ اسپورٹس بورڈ کا تعاون ہمیں آئندہ بھی حاصل رہے گا۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.