ڈاکٹر شاہد مسعود کے سعید غنی پر الزامات، رہنماءپیپلز پارٹی نے صحافی کے خلاف سوشل میڈیا مہم اور ان کے دفتر کے سامنے پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد

معروف صحافی اور تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رہنماءسعید غنی پر الزامات کے بعد پی پی پی رہنماءنے صحافی کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے اور ان کے دفتر کے سامنے پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا ۔
نیو ٹی وی کے پروگرام”خبر سے پیچھے“ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءاورایم پی اے سعید غنی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے مجھ پر الزام عائد کیا ہے کہ ایک ڈائریکٹر نے مجھے الیکشن جتوایا، میرے اندرون اور بیرون ملک اثاثے ہیں اور مجھے جلد ہتھکڑی لگنے والی ہے۔ میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ وہ میرے اثاثوں کے ثبوت دیں میں اپنے تمام اثاثے ان کے نام کردوں گا۔ ڈاکٹر شاہد مسعود ایک طے شدہ ایجنڈے کے مطابق پروگرام کرتے ہیںاور مجھ پر لگائے جانے والے ان کے تمام الزامات بے بنیادہیں، میں ان کا پروگرام نہیں دیکھتا ، کئی لوگوں نے الزامات کے بعد مجھے ان کے پروگرام کے ویڈیو کلپس بھجوائے جس کے بعد میں نے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ میں نے ڈاکٹر شاہد مسعود کو پہلی کال رات 12:22پر کی جو کہ انہوں نے ریسیو نہیں کی، اس کے بعد میں نے ان سے دن ایک بجے کے قریب رابطہ کیا مگر تب بھی انہوں نے میری ٹیلی فون کال کا جواب نہیں دیا۔معروف اینکر کی جانب سے ٹیلی فون کالز کا جواب نہ دینے کے بعد میں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا سہارا لیا اور اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کی۔سعید غنی کامزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود مسلسل کئی روز سے مجھ پر الزامات عائد کر رہے ہیں اور یک طرفہ بات کرکے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، میں نے انہیں پیشکش کی کہ وہ مجھے اپنے پروگرام میں بلائیں میں ان الزامات کا جواب دوں گا ، مگر انہوں نے میری ایک نہیں سنی ، اس ساری صورت حال کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ ان کے دفتر کے سامنے پریس کانفرنس کرکے الزامات کا جواب دوں گا، لیکن پی آئی اے کی فلائٹ ساڑھے تین گھنٹے لیٹ ہوگئی جس کے بعد میں ڈاکٹر صاحب کا پروگرام ختم ہونے کے بعد اسلام آباد پہنچا۔ میں نے کل واپس کراچی جانا تھا مگر اب میں نے اپنا ارادہ بدل لیا ہے اور اب میں کل ان کے دفتر کے سامنے پریس کانفرنس ہر صورت میں کروں گا۔ رہنماءپیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود بہت سے جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں، وہ اپنی بات جھوٹ سے شروع کرتے ہیں اور اس کا اختتام بھی جھوٹ پر کرتے ہیں، ان کے جھوٹے الزامات کو غلط ثابت کرنے کے لئے میں نے ”ایکسپوز شاہد مسعود“ کے نام سے ایک مہم شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں نجی ٹی وی کے پروگرام میں معروف صحافی اور تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے سعید غنی پر کرپشن کے الزامات لگائے اور ساتھ ہی خبر دی کہ بہت جلد انہیں ہتھکڑیاں لگنے والی ہیں۔ ان الزامات کے بعد دونوں افراد کے درمیان نوک جھونک عروج پر پہنچ گئی ہے ، ڈاکٹر شاہد مسعود اپنے پروگرام کے دوران سعیدغنی پر الزامات لگارہے ہیں جبکہ سعید غنی نے ٹوئٹر پر اپنی صفائیاں دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.