ڈاکٹروں نے سفر کی اجازت دیدی، سابق صدر آصف علی زرداری 23دسمبر کو وطن واپس پہنچ رہے ہیں ،بلاول بھٹو نے اعلان کردیا

کراچی  پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق صدر مملکت اور اپنے والد آصف علی زرداری کی وطن واپسی کا اعلان کر دیا ،ان کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری 23 دسمبر کو کراچی پہنچیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ڈاکٹروں نے آصف علی زرداری کو سفر کی اجازت دیدی ہے اور وہ 23 دسمبر کو کراچی پہنچ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اگلے تین دن آصف علی زرداری کے استقبال کی تیاری کرے گی اور اگر سابق صدر ہمارے ساتھ ہوں گے تو ہم پاناما لیکس کے معاملے پرحکومت سے اپنے مطالبات منوا لیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر اپنے چار مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ ہم ہی پاکستان میں اصل اپوزیشن ہیں اورملک میں حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں، ہم پاناما اسکینڈل کی شفاف تحقیقات چاہتے ہیں، پاناما لیکس پر ہماری قرارداد پر عمل درآمد کے بغیر ملک میں جمہوریت نہیں آ سکتی ہم ہی ملک میں اصل اپوزیشن ہیں۔

وزیر داخلہ کی جانب سے پاناما لیکس میں بے نظیر بھٹو کا نام ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس میں میری والدہ کا نام نہیں ہے اور اگر کسی کو شک ہے تو آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ پر جا کر اپنی تسلی کر سکتا ہے، میرے خاندان کے کسی فرد کا نام بھی پاناما لیکس میں نہیں ہے بلکہ ملک کے وزیراعظم کا نام اس میں آیا ہے، اگر میرا نام بھی شامل ہے تو مجھ سے بھی تحقیقات کی جائے۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.