بیجنگ (بی ایل ٰآئی)چین نے دبئی میں ہونے والے ایئر شو 2017میں اپنا انتہائی جدید ترین ڈرون نمائش کیلئے پیش کر دیاہے اور امید ظاہر کی جارہی ہے دنیا بھر سے فوجیں اس کی خریداری کیلئے رابطہ کریں گی ۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ ایوی ایشن کارپوریشن آف چائنہ کی جانب سے پیش کیے گئے ڈرون کا وزن تین ٹن ہے جبکہ اس کا حجم ہیلی کاپٹر جتنا ہے اور یہ سٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس ہے ۔ایوی ایشن کارپوریشن آف چائنہ کے ٹیکنیشن کا کہنا تھا کہ یہ ڈرونز زمین سے ہوا میں مار کرنے والے میزائل کی رینج سے زیادہ اوپر اڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ زمین او رسمندر دونوں جگہوں پر اپنے ہدف کو انتہائی قابلیت کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ،اس کے تین ماڈلز موجود ہیں ۔ین یائنگ کا پہلا ماڈل ایک گھنٹے میں 10ہزار مربعہ کلومیٹر کے دائرے میں تصاویر بنانے کی صلاحیت رکھتاہے جبکہ ین یائنگ 400کلومیٹر کے ریڈیس میں سرفیس ریڈار کا پتہ چلانے اور 200کلومیٹر کے دائرے میں موصلاتی آلات کا پتہ چلانے کی صلاحیت رکھتاہے ۔تیسرا ماڈل ین یائنگ 3 انتہائی قابل اعتماد حملہ آور ڈرون ہے ،جس میں 50کلومیٹر دور اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت ہے جبکہ یہ چین کا اینٹی شپ میزائل ینگ ژی 9E بھی لے جانے کی صلاحیت رکھتاہے ۔یہ تمام ڈرونز کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں ۔