اسلام آباد
سینیٹ الیکشن کے بعد اب تمام سیاسی جماعتیں چیئرمین سینٹ کے انتخاب کی دوڑ میں شامل ہو گئیں ہیں اور سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیاہے اور اسی حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر پارٹیوں نے اپنی حلیف جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے تاہم آصف زرداری نے چیئرمین سینیٹ کیلئے سلیم مانڈی والا کو پیپلز پارٹی کا فیورٹ امیدوار قرار دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی جانب سے رضا ربانی کو دوبارہ چیئرمین سینیٹ بنانے کی تجویز کو’’ تھینک یو ویری مچ ‘‘کہہ کر مسترد کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف زرداری نے اپنی پارٹی کا چیئرمین سینیٹ لانے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں اور انہوں نے اسی سلسلے میں آج مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سینیٹ الیکشن اور نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی ۔سابق صدر آصف زرداری نے رضا ربانی کو دوبارہ چیئر مین بنانے کی تجویز کو مسترد کر دیاہے جبکہ مولانا فضل الرحمان نے بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کے لئے آصف زرداری سے پارٹی رہنماؤں سےمشاورت کا وقت مانگ لیاہے تاہم آصف زرداری نے چیئرمین سینٹ بنوانے کیلئے سلیم مانڈی والا کے نام کو فیورٹ قرار دیاہے اور یہ نام انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو بھی تجویز کر دیاہے ۔مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ہماری پرانی دوستی اور وابستگی ہے، ہماری ان سے ملاقات ہوئی لیکن انہوں نے اپنے کچھ دوستوں سے صلاح مشورے کیلئے وقت مانگا ہے،ہمیں امید ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی ہمارا ساتھ دیں گے۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج نواز شریف نے اپنے اتحادیوں کا اجلاس بلایا تھا جس میں بھی کچھ تجاویز سامنے آئی تھیں، ہم نے بھی اپنے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بلایا ہے، جس میں امید ہے کہ ہم اس کے بعد آصف زرداری کے سامنے اپنی تجاویز رکھیں گے۔اس موقع پر صحافیوں نے پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین سے سوال کیا کہ نواز شریف کی جانب سے میاں رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کی تجویز سامنے آئی ہے؟ کیا رضا ربانی کے نام پر ن لیگ سے بات ہو سکتی ہے ؟جس پر آصف زرداری نے کہا کہ ’’ تھینک یو ویری مچ‘‘ میں ایسا نہیں چاہ رہا۔