چرم قربانی کے ضابطہ اخلاق پرسختی سے عملدرآمدیقینی بنایاجائے،سہیل انورسیال

کراچی(نیوزڈیسک)وزیرداخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے پولیس کو جاری رہنما ہدایات میں کہا ہے کہ سپرہائی وے سمیت صوبے میں باقاعدہ اجازت کے تحت قائم مویشیاں منڈیوں پر ٹھوس اور فول پروف سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروںکے ساتھ مربوط روابط کے ساتھ ساتھ امن وامان کی تمام تر صورتحال پر بھی فوکس رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اور ٹریفک کے ٹھوس اقدامات کے حوالے سے صرف منتخب یا مخصوص کردہ مقامات پرہی مویشی منڈیوں کے قیام کے اقدامات کرائے جائیں اور غیر قانونی مویشیاں منڈیوں کے خلاف ہر سطح پر جملہ اقدامات کو موثر بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ چرم قربانی کے حوالے سے ترتیب کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد اور سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کو غیر جانبدارانہ بنانے کے ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ رینج،زونزاور ڈسٹرکٹس کی سطح پرعیدالاضحی کے جملہ اقدامات کوغیر معمولی بناتے ہوئے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایاجاسکے۔انہوں نے کہا کہ تمام رجسٹرڈ فلاحی و سماجی اداروں/تنظیموں،دینی مدارس وغیرہ ودیگراسٹیک ہولڈرز کو حکومت سندھ کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کی شرائط کا پابند بنانے کے ساتھ ساتھ چرم قربانی کو اکٹھا کرنے اور منتقلی کے حوالے سے جاری تحریری اجازت ناموں اور دیگر ضروری دستاویزات کی چھان بین جیسے امور کا بھی پابند بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی تمام مساجد،امام بارگاہوں،عیدگاہوں،نمازعید کے دیگر کھلے مقامات کی فہرستوں کا جائزہ لیا جائے اور بعد ازاں انہیں درجہ بندیوں میں تقسیم کرکے نا صرف متعلقہ پولیس بلکہ پولیس کمانڈوز کی تعیناتیوں کو بھی یقینی بنایاجائے جبکہ تمام ایس ایس پیز،ایس پیز،ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوزکو بھی انکی ذمہ داریوں کا باقاعدہ پابند بنایاجائے۔وزیرداخلہ سندھ نے کہا کہ تھانوں کی سطح پر سادہ لباس اہلکاروں پر مشتمل سرویلینس ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں جنکی ڈپلائمنٹ شاپنگ سینٹرزپر ہجوم پبلک مقامات،مویشیاں منڈیوں،مختص کردہ پارکنگ لاٹس اور نماز عید کے مقامات کے اندرونی حصوں اور اطراف میں ممکن بنائی جائے۔وزیرداخلہ سندھ نے جاری ہدایات میں مزید کہا کہ رینج ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے کانگو وائرس کے انسداد اور احتیاطی تدابیر جیسی معلومات پر مشتمل آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے تاکہ اس خطرناک وائرس کے پھیلنے اور اس سے موثر طور پر نمٹنے جیسے اقدامات سے عوام کو آگاہ کیا جاسکے۔

 

About BLI News 3242 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.