دبئی: (بی ایل آ ئی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم کا بھی کپتان مقررکردیا ہے جب کہ اظہرعلی ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی نائب کپتانی سے بھی دستبردار ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دبئی میں دورہ ویسٹ انڈیز کے حوالے سے پی سی کے چاربڑوں کا اجلاس ہوا جس میں پی سی بی کے چیرمین شہریارخان، کوچ مکی آرتھر،چیف سلیکٹر انضمام الحق اورمصباح الحق نے شرکت کی جس میں قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی کی جگہ ٹی ٹوئٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم کا بھی کپتان مقررکردیا گیا تاہم ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
قبل ازیں قومی ون ڈے ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے چیئرمین پی سی بی اور دیگر حکام سے ملاقات کی اور انہیں کپتانی سے دستبردار ہونے کا بتاتے ہوئے کہا کہ قیادت کے دباؤ کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہو رہی تھی اس لیے کپتانی کو چھوڑتے ہوئے بیٹنگ پر تمام توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ قومی ون ڈے ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث اظہر علی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور قومی ٹیم کے سابق کرکٹرز کی جانب سے اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا تھا۔