پی ایس ایل تھری کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد

صحرائے عرب میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی 

رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے بعد ایونٹ کے پہلے میچ کا آغاز ہوگیا۔

چھکے، چوکے اور وکٹیں گرتے دیکھنے کیلیے بے تاب شائقین کا انتظارختم ہوا، پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز آج دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگیا۔ ایونٹ کی رنگا رنگ  افتتاحی تقریب میں گلوکاروں عابدہ پروین، علی ظفر، شہزاد رائے اور امریکی گلوکار جیسن ڈیرولو نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

تقریب میں پاکستان کے ثقافتی رنگ بھی نمایاں تھے، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ایونٹ کا پہلا میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔

ملتان سلطان کی قیادت شعیب ملک کررہے ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کو دو مرتبہ عالمی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنانے والے ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی میدان میں اتری ہے۔

کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں جمعہ کو اپنا پہلا میچ کھیلیں گی جبکہ اسی روز لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا ٹاکرا بھی ہوگا، اسلام آباد یونائیٹڈ 24 فروری کو پشاور زلمی کے مقابل ہوگی جب کہ ہفتے کوہی دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے مابین ہوگا۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے 31 دبئی اور شارجہ جبکہ 3 پاکستان میں کھیلے جائیں گے،2 پلے آف میچز 20 اور 21 مارچ کو لاہور جبکہ فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دریں اثنا پہلے میچ سے قبل پاکستان اور یواے ای میں شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا، دبئی میں افتتاحی تقریب اور میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں، جنرل، انٹرنیشنل کے ساتھ پریمیئم ویسٹ اور ایسٹ اسٹینڈز کا بھی کوئی ٹکٹ باقی دستیاب نہیں رہا۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.