دبئی
ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں دفاعی چمپئین کو7وکٹوں سے شکست دے دی۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم میدان میں آئی تو اسے پہلا نقصان7رنز کے مجموعے پر ہی ہوا جب احمد شہزاد رغیر ذمہ دارانہ شارٹ کھیلتے ہوئے وہاب ریاض کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے،تاہم اس کے بعد سری لنکاکے کمار سنگاکارا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی پوزیشن کومستحکم کیا اور شعیب مقصود کے ساتھ مل کر ٹیم کے مجموعے کو54رنز تک پہنچایا۔مقصود16گیندوں پر21رنز بنانے کے بعدمحمد اصغر کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔سنگارا اور شعیب ملک نے ٹیم کے مجموعے میں52رنز کا اضافہ کیا ،سری لنکن ایک بار پھر شعیب ملک کو امتحان میں ڈال کر 51گیندوں پر57رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔شعیب ملک نے ناقابل شکست 42رنز بنائے جبکہ انہیں کیرن پولاڈ کاساتھ رہا جہنوں نے21رنز بنائے ۔
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2جبکہ محمد اصغر کے حصے ایک وکٹ آئی ۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا اور مخالف ٹیم پر شروع سے ہی دباﺅ ڈالے رکھا،محض 4رنز کے مجموعے پر ہی کامران اکمل بغیر کھاتہ کھولے محمد عرفان کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے،22کے مجموعے پرتمیم اقبال بھی11رنز بناکر چلتے بنے اس کے بعد سمتھ اور حفیظ نے مجموعے کوبڑھانے میں اپنا کردار ادا کیا ۔سمتھ 24رنز بنانے کے بعدعمران طاہر کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
محمد حفیظ نے ذمہ درانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹورنامنٹ کی پہلی ففٹی مکمل کرتے ہوئے 52گیندوں پر59رنز بنائے،ٹیم کے مجموعے میں کپتان ڈیرن سیمی کے 11گیندوں پر29رنز نمایاں رہے ۔