کراچی:
پاکستان ترکی آزادتجارتی معاہدے پر مذاکرات کا پانچواں دور انقرا میں 21 سے23 دسمبر تک ہوا، پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری تجارت میاں اسد حیات الدین نے کی، وفد تجارت، صنعت، ٹیکسٹائل کی وزارتوں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے نمائندوں پر مشتمل تھا، مذاکراتی سیشنز میں ترکی میں پاکستان کے سفیر سہیل محمود اور استنبول میں پاکستانی قونصل جنرل بھی موجود تھے۔
ترک وفد کی قیادت ڈپٹی انڈرسیکریٹری معیشت ہوسنو دلیمرے نے کی، ان کے ساتھ معیشت، کسٹمز وٹریڈ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل امپورٹس کے نمائندے بھی موجودتھے۔ گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق فریقین نے اشیا، خدمات، سرمایہ کاری سے متعلق معاہدوں پر گفتگو کی، تمام معاہدوں پر بات چیت نمایاں حد تک آگے بڑھی، بات چیت دوستانہ ماحول میں ہوئی، اس دوران دونوں جانب سے رعایتوں کے لیے پیش کردہ ٹیرف لائنز پر زبردست پیشرفت ہوئی۔
اجلاس کے دوران فریقین نے ہدایات اور اعلیٰ قیادت کی مخلصانہ خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے مذاکرات کا اگلادور اسلام آباد میں جلد سے جلد منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔