پاکستان کرکٹ ٹیم کے سب سے کامیاب کپتان مصباح الحق نے ٹیسٹ قیادت کا ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ہے ۔ وہ50 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کرنے والے پہلے پاکستانی اور تیسرے ایشین کپتان بن گئے ہیں ۔
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ بطور کپتان مصباح الحق کا پچاسواں ٹیسٹ ہے، وہ پہلے ہی 48میچز میں قیادت کرنے والے عمران خان کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میں قیادت کرنے والے کپتان بن چکے ہیں، اب وہ 50ٹیسٹ میں قیادت کرنے والے تیسرے ایشین بن گئے ۔
ان سے قبل بھارت کے دھونی اور سری لنکا کے رانا ٹنگا یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں ۔مصباح کی قیادت کے 6 سال کے دوران پاکستان نے 39ٹیسٹ میں سے 24میں کامیابی حاصل کی ۔ان سے قبل 6سال میں پاکستان نے 6کپتان تبدیل کیے اور اس دوران 50میں سے صرف 13میچز میں کامیابی حاصل کی۔مصباح الحق پاکستان کو 10سیریز میں کامیابی دلاکر ایشیا کے سب سے کامیاب کپتان بھی بن چکے ہیں۔