پاکستان پہلی بین الاقوامی آن لائن یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا

پاکستان پہلی بین الاقوامی آن لائن یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا

کراچی( بی ایل ٰآئی )دنیا کی پہلی آن لائن یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ پاکستان کی میزبانی میں 22 جنوری 2021 سے منعقد ہو رہی ہے جس میں دنیا کے پانچ براعظموں کے 16 ممالک سے 96 کھلاڑی شریک ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز نے منگل کے روز ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایونٹ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر حسان ہادی خان، ٹیکنیکل ڈائریکٹر ولی محمد خبیب، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نمائندے فراز مقبول اور ٹورنامنٹ کے اسپانسر دوا ساز ادارے فارم ایوو کے ڈائریکٹر کمرشل منصور خان بھی موجود تھے۔ پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن اور دوا ساز ادارے فارم کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے جس کے تحت دونوں ادارے اسکریبل کے کھیل کے فروغ کے لیے تعاون کریں گے۔

منتظمین کے مطابق سابقہ ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ اور موجودہ ویسپا یوتھ کپ 22 جنوری سے 7 فروری تک ہوگا۔ ایونٹ تین مرحلوں میں مکمل ہوگا۔

پہلا مرحلہ 22 سے 24 جنوری، دوسرا 30 سے 31 جنوری جبکہ تیسرا اورآخری مرحلہ 6 سے 7 فروری تک ہوگا۔

اسکریبل کی عالمی تنظیم ویسپا نے اس چیمپیئن شپ کی میزبانی کے لئے پاکستان کا انتخاب کیا ہے، کوویڈ 19 کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر پہلی بار چیمپیئن شپ کا انعقاد آن لائن ہوگا۔ پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چیمپیئن شپ کو اسپانسر کررہی ہے اسی وجہ سے اس ایونٹ کو گلیڈی ایٹرز ویسپا یوتھ کپ کا نام دیا گیا ہے جب کہ دوا ساز ادارہ فارم ایوو ٹورنامنٹ کے لیے جگہ اور دیگر تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

ٹیکنیکل ڈائریکٹر ولی محمد خبیب کی سربراہی میں انتہائی ماہر ٹیکنیکل ٹیم چیمپیئن شپ کا انعقاد کرے گی۔ ویسپا نے پاکستان کے حسان ہادی خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔
چیمپیئن شپ کی پوری انتظامی ٹیم کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔ اس چیمپیئن شپ میں پانچ براعظموں کے سولہ ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی، ہر ٹیم چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ تمام کھلاڑیوں کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔

پہلی بار یہ چیمپیئن شپ انفرادی کے بجائے ٹیم فارمیٹ کے تحت کھیلی جائے گی۔ تمام ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جو راونڈ رابن لیگ کی بنیاد پر ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی۔ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔چیمپیئن شپ کیلئے کراچی میں فارم ایوو کے گیسٹ ہاوس میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، جہاں انتظامی عملے کیلئے اسکریبل کا کمرہ، کمنٹری باکس اورہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اورمانیٹرنگ آلات کے ساتھ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ ٹیکنیکل ٹیم ویب کیم کے ذریعے تمام گیمز کی نگرانی کرے گی،چند منتخب میچز کو کمنٹری کے ساتھ لائیو اسٹریم بھی کیا جائے گا۔
دنیا کے بہترین اسکریبل کمنٹیٹرز امریکا کے ول اینڈرسن اورجیسے ڈے انگلش، جبکہ پاکستانی شائقین کیلئے وسیم کھتری اور دانیال ثناء اللہ اردو میں کمنٹری کریں گے۔ پاکستان چیمپیئن شپ جیتنے کیلئے فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے۔ ایونٹ کیلئے پاکستان کی 6 رکنی ٹیم کا اعلان 17 جنوری کو کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کیا جائے گا۔

About BLI News 3253 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.

Be the first to comment

Leave a Reply