اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چائنہ پاکستان معاشی راہداری کی اہمیت اور اس کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے پاکستان کوسل آن چائنہ کی جانب سے اسلام آباد میں سالانہ فورم کا انعقاد کیا گیا۔ اس فورم کا مقصد معاشی راہداری کے فوائد، اہمیت اور چیلنجز کے حوالے سے بیداری پیدا کرنا تھا۔ پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور پاکستان میں چین کے قائم مقام سفیر لی جیان ژاﺅ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور سی پیک کے حوالے سے بات چیت کی۔ علاقائی تجارت کے حوالے سے اہم ترین معاشی راہداری کے باعث پیدا ہونے مثبت مواقعوں پر بات کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امن دیر پا ترقی پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا وژن 2025 میں واضح طور پر ذکر کیا گیا ہے جس کے تحت علاقائی تجارت اور معاشی تعاون اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور دونوں مملاک کے مابین ایک قدرتی آپشن ہے۔ بھارت کی جانب سے سی پیک کی کھلی مخالفت کی گئی ہے تاہم پاکستان اور چین اس منصوبے کے درپیش چیلنجز سے واقف ہیں اور ہر قسم کی مشکلات سے نمٹنے کے لیے پر عزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ پورے ریجن کے لیے گیم چینجر کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے چین کے قائم مقیم سفیر لی جیان ژاﺅ نے خطے میں باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے پاکستان اور چین کے کردار پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان معاشی راہداری پورے ریجن کے لیے جیت ہے اور یہ منصوبہ پاکستان اور چین کی مثالی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قائم مقام سفیر لی جیان ژاﺅ کا کہنا تھا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کو قریبہ دوست سمجھا اور جیسے پاکستان نے ہر مشکل وقت میں چین کا ساتھ دیا ویسے ہی چائنہ ہمیشہ پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ اس سالانہ فورم میں سی پیک کے تعلیمی، ثقافتی اور معاشی پہلوﺅں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پاکستان کونسل آن چائنہ کے صدروسابق سفیر انعام الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دو طرفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کونسل آن چائنہ کا مقصد دونوں مملاک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔ انعام الحق کا کہنا تھا کہ سی پیک خطے میں معاشی ترقی کی ایک بنیاد ہے جس کے تحت خطے کے تمام ممالک یکساں مستفید ہونگے۔پاکستان کونسل آن چائنہ کے ڈائریکٹر ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے ہر ہر شہری چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کی کامیابی کا خواہاں ہے جو کہ دونوں مملاک کی معاشی ترقی میں اہم ترین کردار ادا کرے گا۔
About BLI News
3243 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.