پاکستان نے ڈومینیکا ٹیسٹ جیت کر نئی تاریخ رقم کردی

ڈومینیکا: 

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ڈومینیکا ٹیسٹ میں 101 رنز سے شکست دے کر نہ صرف سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی بلکہ ویسٹ انڈیز کو اسی کی سرزمین پر 65 سال بعد شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔

ڈومینیکا کے ونڈسر پارک میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو جیتنے کے لئے 304 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 202 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کی جانب سے روسٹن چیز نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے سنچری مکمل کی اور 101 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں کوئی خاطرخواہ کارکردگی پیش نہ کرسکا۔

ڈومینیکا ٹیسٹ کے پانچویں دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو ویسٹ انڈیز نے 7 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، بریتھ ویٹ 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے لیکن وہ زیادہ دیر کریز پر نہ ٹہھر سکے اور 6 رنز بنانے کے بعد 22 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ کا شکار بن گئے۔ تیسری وکٹ پر شیمرون ہتمیر اور شائی ہوپ نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 25 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 47 تک پہنچا تو شمرون 25 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ شائی ہوپ 17 وشال سنگھ اور شین ڈورچ 2،2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ساتویں وکٹ پر روسٹن چیز اور کپتان جیسن ہولڈر نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعہ 151 تک پہنچا تو ہولڈر 22 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بن گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز دوندرا بشو3، الزاری جوزیف 5 اور شینن گیبرئیل 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ حسن علی نے 3،  محمد عامر اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز کو مین آف دی میچ جب کہ 25 وکٹوں کے ساتھ یاسر شاہ کو سیریز کا سب سے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں اظہرعلی کی سنچری، کپتان مصباح الحق، بابراعظم اور سرفراز احمد کی نصف سنچریوں کی بدولت 367 رنز بنائے جب کہ دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے 8 وکٹوں پر 174 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کردی تھی۔ میزبان ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 247 رنز بنا سکی تھی۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.