یورپین کمپنی پوژو نے لکی موٹرز کارپوریشن کے اشتراک سے پاکستان میں باضابطہ طور پر اپنے آپریشنز کا آغاز کردیا ہے۔ کمپنی نے پاکستان میں پہلی بار 1200سی سی ایس یو وی گاڑی 2008ء کے نام سے متعارف کرادی۔
یورپین اور پاکستانی آٹو کمپنیز کے درمیان شراکت داری کے تحت ابتدائی طور پر ملک کے 6 بڑوں شہروں میں 8 تھری ایس ڈیلر شپ اور جدید ترین کار اسمبلی پلانٹ کے ساتھ ’پوژو‘ برانڈ کی گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔
کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’پوژو 2008‘ جدید سہولیات سے آراستہ اور خوبصورت انٹیریئر ڈیزائن کے ساتھ پاکستانی فیملیز کیلئے بہترین ماڈل ثابت ہوگا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ شراکت داری کے اگلے مرحلے میں ملٹی انرجی پلیٹ فارم پر مبنی ای 2008 گاڑیاں متعارف کرائی جائیں گی، جو مکمل طور پر الیکٹرنک گاڑیاں ہوں گی۔
واضح رہے کہ پوژو ایک جدید فرانسیسی، یورپی برانڈ ہے جو 1810ء تقریباً 211 سال سے گاڑیوں کی صنعت سے وابستہ ہے، جس کا موجودہ ہیڈ کوارٹر لندن، برطانیہ میں ہے۔
ہفتہ کو منعقدہ تعارفی تقریب میں پوژو کی سی ای او، لِنڈا جیکسن نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب کوئی یورپی کار پاکستان میں تیار کی جائے گی اور ہم لکی موٹرز کے ساتھ مل کر ملک میں روزگار، لوکلائزیشن اور مقامی آٹوموٹیو انڈسٹری کو سپورٹ کرنے کیلئے پُرعزم ہیں، انٹرنینشنلائزیشن پر پوژو کی خاص توجہ مرکوز ہے، پاکستان میں بی اور سی سیگمنٹ ایس یو وی میں ہمارے لیے بہترین مواقع موجود ہیں جبکہ ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے حوالے سے موجود قوانین ہماری حکمتِ عملی کے عین مطابق ہیں۔
اس موقع پر لکی موٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آصف رضوی کا کہنا تھا کہ لکی موٹرز ملک میں مقامی طورپر تیارکردہ پہلا یورپی برانڈ پوژو متعارف کراکر پاکستان کے آٹو موٹیو منظر نامے کو تبدیل کرنے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی 22 کروڑ آباد ی کے ساتھ آٹو مینو فیکچررز کو ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے ہمیں یقین ہے کہ اسٹیلانٹس اپنے 14 مشہور و معروف برانڈز کو ملک میں متعارف کرواکر پاکستان کی آٹو موٹیو مارکیٹ میں انقلاب لے آئے گا۔
Be the first to comment