کراچی(بی ایل آئی )
جامعہ کراچی میں واقع بین الاقوامی مرکز برائے حیاتیاتی کیمیائی علوم (آئی سی سی بی ایس) کے ذیلی ادارے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) کے زیرِ اہتمام تین روزہ ذیابیطس کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جس سے صوبائی وزیرِصحت و بہبودِآبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بھی خصوصی خطاب کیا۔
ایشین نیٹ ورک آف اینٹی ڈائیبیٹک پلانٹس (اے این آر اے پی) کے تحت سہ روزہ کانفرنس کے پہلے روز ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بین الاقوامی سیمینار کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ANRAP ذیابیطس پر گراں قدر تحقیقی کام سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ سندھ حکومت نے صوبائی اسمبلی میں زخمی افراد کے لازمی اور فوری علاج معالجے کا بل متعارف کروایا ہے۔
اس سیمینار میں تین سو پچاس سے زائد ملکی و غیر ملکی سائنسدان اور محققین شرکت کررہے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں کراچی میں بنگلہ دیشی ڈپٹی ہائی کمشنر نورِ ہلال سیف الرحمن، اے این آر اے پی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد مسیح الزماں، شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان، سربراہ آئی سی سی بی ایس پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، چین کے اسکالرپروفیسر ڈاکٹرویے وینگ، آسٹریلیا کے پروفیسر ڈاکٹر بیری نالر، پنجوانی سینٹر کی ڈاکٹر عصمت سلیم اور ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا؛ جبکہ ڈاکٹر پنجوانی میموریل ٹرسٹ کے ڈاکٹر امتیاز بشیر سمیت ملکی و غیر ملکی ماہرین اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ پودے سے پیٹنٹ تک سیمینار کا ذیلی عنوان بھی تھا۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں ذیابیطیس مخالف دوا کی تیاری پر تحقیقی کام ہورہا ہے اور پاکستان و دیگر ممالک میں اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے ہر حوالے سے اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا وزارتِ صحت بین الاقوامی مرکز کے ساتھ کام کررہی ہے اور جلد ہی ایک ادارہ ’ری جینوریٹوو میڈیسن‘ کے نام سےتعمیر کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ کراچی میں اس سیمینار کا انعقاد نہ صرف ایک قابل ستائش عمل ہے بلکہ پاکستانیوں کی سائنس اور ٹیکنالوجی سے رغبت کی دلیل بھی ہے۔
شیخ الجامعہ کراچی نے کہا کہ اس ایشین سیمینار سے مزید بین الاقوامی تعاون میں اضافہ ہوگا جس سے ملک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو براہِ راست فائدہ ہوگا۔ انہوں نے پروفیسر اقبال چوہدری کو ایک مؤثر کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ اس سیمینار کی بدولت پاکستانی اور بھارتی ماہرین ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں جو خوش آئند عمل ہے۔ اس بین الاقوامی سیمینار کے انعقاد کا مقصد یہ بھی ہے کہ ذیابیطیس اور اس سے متعلق امراض کی دریافت کے عنوان سے آگاہی پیدا کی جائے۔
انہوں نے چینی ماہرین کی سیمینار میں آمد اور سائنس کے میدان میں پاکستان کا مسلسل ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پروفیسر مسیح الزماں نے ایشین نیٹ ورک کی تنظیم کے بنیادی مقاصد بتائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیمینار 2015 میں ملائیشیا میں منعقد ہواتھا۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے ڈاکٹر پنجوانی میموریل ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ نادرہ پنجوانی کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔
سیمینار میں دنیا کے ممتاز ماہرین اور اسکالرز پودوں اور فطری طریقوں سے ذیابیطس کے علاج میں ہونے والی والی پیش رفت سے بھی آگاہ کریں گے۔