پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں نہیں ہیں، پوری قوم دہشت گردی کو جڑ سے پھینکنے کے لئے پرعزم ہے: شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(بی ایل ٰآئی ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی خفیہ پناہ گاہیں نہیں، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن سے صورت حال بہتر ہوئی ہے، ملک بھر میں انٹیلی جنس آپریشنز جاری رہیں گے اور یہ پاکستان کے مفاد میں ہے جب کہ انٹیلی جنس آپریشنزسے گزشتہ 4 سال میں حاصل کامیابیوں کومستحکم کیا جائے گا، پوری قوم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے، دہشت گردی کی ہر شکل اور قسم کو ہمیشہ کے لیے ختم کردیا جائے گا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیر دفاع جنرل جیمز میٹس نے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی،ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکہ کے ساتھ دیرپا تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تعاون کو بڑھانے اور اشتراک کار کو مستحکم بنانے کے لئے وسیع البنیاد مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن اور استحکام سے سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کا ہے۔ پاکستان اور امریکا کے طویل مدتی تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، دونوں ملکوں میں وسیع البنیاد رابطوں سے تعلقات مضبوط بنانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ کرنے دینے کے امریکی عزم کوسراہتے ہیں، افغان امن کے مقصد کے حصول کے لیے باہمی تعاون بڑھانے کی امریکی تجویز سے متفق ہوں، پاکستان سے زیادہ کوئی بھی ملک افغانستان میں امن کا خواہاں نہیں، افغانستان میں امن کا قیام دونوں ممالک کے مفاد میں ہے کیوں کہ افغانستان میں امن کا سب سے زیاد فائدہ پاکستان کو ہوگا۔
وزیر اعظم سے ملاقات میں امریکی وزیر دفاع جنرل جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ ان کے دورے کا مقصد پاکستان کے ساتھ دیرپا، مثبت اور مستقل تعلقات کےلئے مشترکہ بنیادیں تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اپنی طویل وابستگی کے تناظر میں وہ پاکستان کی جانب سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی قربانیوں اور جانوں کے ضیاع کے بارے میں پوری طرح آگاہ ہیں اور وہ پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی ذاتی طور پر قدر کرتے اور اسے عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ جنرل میٹس نے خطے سے دہشتگردی کے خاتمے کے مشترکہ مقصد کےلئے جاری اور قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی سفیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیر دفاع خرم دستگیر، وزیرخارجہ خواجہ آصف ، وزیرداخلہ احسن اقبال، وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.