اسلام آباد(بی ایل آ ئی) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) کے چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا ہے کہ 2019ء میں لوگ موبائل کے ذریعے بینک اکائونٹ کھلوا سکیں گے، موبائل ڈیٹا پر 19.5 فیصد ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے، 87 فیصد لوگوں کو موبائل کی سہولت دستیاب ہے، جغرافیائی لحاظ سے ملک کے 57 فیصد حصہ میں موبائل فون سروس موجود ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو 29 ویں سائوتھ ایشین نیٹ ورک آپریٹرز گروپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا کہ پاکستان سائوتھ ایشین نیٹ ورک کانفرنس میں پیش پیش رہا ہے، پاکستان میں 4 کروڑ لوگ موبائل فون استعمال کر رہے ہیں جبکہ 87 فیصد لوگوں تک موبائل کی سہولت دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے ملک کے 57 فیصد حصے میں موبائل سروس موجود ہے۔چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ 71 فیصد سموں کی بائیو میٹرک تصدیق ہو چکی ہے، بلوچستان کے بعض علاقوں میں تاحال موبائل سروس فراہم نہیں کی جا سکی، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ دور افتادہ علاقوں کے لوگوں تک اس سہولت کو پہنچایا جائے۔ ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا کہ معذور افراد کے لئے ایک خاص موبائل اپلی کیشن تیار کی گئی ہے جس سے معذور افراد بھی عام شہریوں کی طرح انٹرنیٹ سروسز استعمال کر سکیں گے۔یہ ایپ ٹیلی نار کے تعاون سے تیار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تھری جی، فور جی اور ایچ ڈی ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کرلی گئی ہے۔ موبائل ڈیٹا میں 19.5 فیصد ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے، یہ ٹیکس صوبوں کے تعاون سے ختم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم موبائل کے ذریعے بینک اکائونٹس کھولنے پر کام کر رہے ہیں، 2019ء میں لوگ موبائل کے ذریعے بینک اکائونٹ کھلوا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں موبائل ایپس کے ذریعے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا اور ایسی سروسز متعارف کروائی ہیں کہ خواتین گھر بیٹھے آفس کا کام کر سکیں گی ۔
About BLI News
3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.