لاہور (بی ایل آ ئی)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری احمد سعید کی رہائش گاہ گلبرگ گئے اور چوہدری احمد سعید کو گلدستہ پیش اور نیک خواہشات کا اظہار، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیاـ
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی محمد شہباز شریف گلبرگ میں سینئر مسلم لیگی رہنما چوہدری احمد سعید کی رہائش گاہ پر گئے ،گلدستہ پیش کرنے کے ساتھ انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آج امن اور روشنیوں کے سفر پر رواں دواں ہے اور ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے اجتماعی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں ـ انہوں نے کہا کہ پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے شکست خوردہ عناصر کی سوچ نہیں بدلی ، بے بنیاد الزامات کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے ، شکست خورد ہ عناصر کو ملک و قوم کیلئے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ـ انہوں نے کہا کہ یہ وقت اتحاد اور اتفاق کا ہے اور ہم نے مل کر پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہے ـ انہو ں نے کہا کہ شفافیت اور اعلی معیار سے منصوبوں کو مکمل کرنے کا نیا ریکارڈ بن رہا ہے ـاس موقع پر چوہدری احمد سعید نے وزیر اعلی کو فلاح عامہ کے منصوبوں میں شفافیت اور تیز رفتاری سے تکمیل پر مبارکباددی ـ