بیجنگ (بی ایل ٰآئی ) پاکستان اور چین کے درمیان ثفاقتی تعلقات اوردونوں ممالک کے عوام کے رابطوں کے فروغ کے لئے ثقافتی معاہدے کے ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کر دیئے گئے،پاکستان کی جانب سے وزیر مملکت اطلاعات،نشریات ،قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے جبکہ چین کے وزیر ثقافت لو شوگانگ نے چین کی جانب سے دستخط کر دئیے ،معاہدے کے تحت دونوںممالک ریڈیو،فلم اور ٹیلی وڑن کے شعبے میں اشتراک عمل کو وسعت دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کے مابین ثقافت معاہدے کا ایگزیکٹیو پروگرام طے پا گیا ہے، ثقافتی معاہدے میں دونوں ممالک کے مابین فلم اور براڈ کاسٹنگ ،آرٹ اور ثقافت، تعلیم وتحقیق ،پریس اور پبلی کیشن ،کھیلوں اور امور نوجوانان کے شعبوں میں تعاون شامل ہے،دونوں ممالک اطلاعات کے باہمی تبادلے کے طریقہ کار پر بھی کام کریں گے جس کے تحت ریڈیو پاکستان اور چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل خبروں کا تبادلہ کریں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت پاکستان اور چین ثقافتی وفود اور طائفوں کا تبادلہ کریں گے اور ایک دوسرے کے ممالک میں نمائشوں کا بھی انعقاد ہو گا، دونوں ممالک کے فنکار بھی ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں گے اور اس سلسلے میں دوطرفہ دوروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، دونوں ممالک آرٹ گیلریز،تھیٹرز اور ثقافتی نوادرات سے بھی دوطرفہ بنیادوں پر استفادہ کریں گے۔معاہدے کے تحت لوک ورثہ چین میں پاکستانی فن و ثقافت اور دستکاریوں پر ایک ہفتے پر مشتمل نمائش لگا ئے گا۔نمائشوں کا مقصد پاکستان اور چین کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت ،دستکاریوں اور ہنر سے آگاہ کرنا ہے۔دونوں ممالک تعلیم کے شعبے میں تعاون کریں گے اور ایک دوسرے کے طلبہ کو تعلیمی وظائف دیں گے۔
معاہدے کے تحت پریس اینڈ پبلی کیشن کے شعبے میں تعاون کے لیے 6رکنی وفد ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کریں گے تا کہ اشاعتی ادارے دونوں ممالک میں ہونے والے بین الاقوامی کتاب میلوںمیں حصہ لے سکیں۔کھیلوں اور امور نوجوانان کے شعبوں میں بھی تعلقات کوفروغ دیا جائے گا ،اس ضمن میں نوجوانوں کے 100رکنی وفد دونوں ممالک کے دورے کریں گے۔
معاہدے کے موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر اور دونوں ممالک کے اعلی حکام اس موقع پر موجود تھے۔