پاکستان اس وقت ترقی کرے گا جب سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان یکساں رفتار سے آگے بڑھیں گے: شہبازشریف

کراچی (بی ایل ٰآئی)وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں “پنجاب سپیڈ” کو پاکستان کی سپیڈ کہتا ہوں،ملک اس وقت ترقی کرے گا جب سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان یکساں رفتار سے آگے بڑھیں گے،ہم سب نے پاکستان کیلئے سوچنا ہے اور پاکستان کیلئے ہی محنت کرنی ہے۔

گورنرہاوس سندھ میں صنعتکاروں اور سفارتکاروں سے ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار پاکستان کے عظیم سفیر ہیں،کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے،70کی دہائی تک پاکستان معاشی طور پر مضبوط تھا،انشااللہ پاکستان معاشی طور پر مستحکم ملک بن کر ابھرے گا۔انہوں نے کہا کہ صرف پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی نہیں ہے،جس طرح پنجاب میں شفافیت کے ساتھ وسائل عوام کے منصوبوں پر خرچ کئے گئے ہیں اسی طرح کراچی اور سندھ میں بھی ہوتا تو آج سندھ کے شہروں کی یہ حالت نہ ہوتی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں یہاں پاکستان کی بات کرنے آیا ہوں اور پاکستان کی بات “تم” اور “میں” کے تحت نہیں ہوتی بلکہ پاکستان کی بات کیلئے “ہم” کے راستے پر چلنا پڑے گا۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہماری حکومت نے اپنے وسائل سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں،بدقسمتی سے کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں پر وسائل خرچ نہیں کئے گئے۔یہاں پر ٹرانسپورٹ، سالڈویسٹ، انفراسٹرکچر اور دیگر سہولتوں کو انتہائی معیاری اور جدید ہونا چاہیئے تھا۔

تقریب میں موجود شرکا کا کہنا تھا کہ جس طرح پنجاب آگے بڑھا ہے، ہم چاہتے ہیں کراچی سمیت سندھ بھی ترقی کرے،کراچی سمیت سندھ کو آپ کی پنجاب سپیڈ کی ضرورت ہے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.