ڈھاکہ: (بی ایل ٰآئی )
پاکستانی اسٹارٹ اپ کمپنی نے ایشیا پیسفک آئی سی ٹی ایوارڈ (ایپکٹا) میں گولڈ ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے جسے ملک کی بہترین اسٹارٹ اپ کمپنی کا اعزاز دیا گیا ہے۔
یہ مقابلہ بنگلا دیش کے شہر ڈھاکہ میں منعقد ہوا جہاں 16 مختلف ممالک کی بہترین اسٹارٹ اپس نے اپنی ٹیکنالوجی اور کام پیش کیا تھا۔ اس پروگرام کا مقصد ملکی اور عالمی مارکیٹ کے لیے آئی سی ٹی کا انوکھا خیال ، اس کی مدد سے مسائل کے حل یا پھر کسی میدان میں ترقی کو پیش کیا جاتا ہے۔ اس مقابلے میں 200 سے زائد پراڈکٹس اور آئیڈیاز پیش کیے گئے جس نے اس مقابلے کو مزید سخت بنادیا تھا۔
اس مقابلے کے لیے پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن (پاشا) نے 11 رکنی ٹیم بنگلا دیش روانہ کی تھی جنہوں نے اس مقابلے میں مجموعی طور پر 10 پراڈکٹس پیش کیں۔ ایپکٹا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کرِک ان گِف کے سی سی او قاسم ظفر نے کہا ’ مجھے ایپکٹا 2017 میں پاکستان کی نمائندگی پر بہت فخر ہے اور میں نے بیسٹ اسٹارٹ اپ فار دی کنٹری کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ’یہ ایوارڈ شریک ممالک کے درمیان صحتمندانہ مقابلے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ لیکن ہماری اسٹارٹ اپ کو ابھی کئی چیلنجز عبور کرنے ہیں۔ اس مقابلے میں خطے کے ہم خیال لوگوں سے روابط بڑھانے میں بھی مدد ملی ہے۔‘
کرک ان گف کرکٹ کے متوالوں کے لیے ایک ایپ ہے جو کرکٹ مقابلوں کی کوریج کرتی ہے۔ ایپ کا مرکزی مقصد لائیو جھلکیاں، آن لائن اسکور کی فوری فراہمی، لائیو اسٹریمنگ، کرکٹ کی خبریں، بلاگ اور مزاحیہ انداز میں تبصرے شامل کرنا ہے۔ یہ اسٹارٹ اپ پاشا آئی سی ٹی ایوارڈ برائے 2017 کے لیے پہلے ہی دو ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکی ہے۔
اس موقع پر پاشا کی سربراہ جہاں آرا نے کہا کہ پاشا آئی سی ٹی ایوارڈ کا اجرا گزشتہ 14 برس سے جاری ہے ۔ یہ پاکستانی نوجوانوں اور نئی کمپنیوں کےلیے حوصلہ افزائی کا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں وہ اپنی بھرپور صلاحیت دکھاسکتے ہیں۔ اس سال ہم نے پھر ثابت کردیا ہے کہ پاکستانی مصنوعات پورے خطے میں بہترین ہیں۔