پاپائے روم پوپ فرانسس جزیرہ نما عرب پر قدم رکھنے والے پہلے پوپ بن گئے

ابوظہبی (بی ایل ٰآئی)پاپائے روم پوپ فرانسس تین روزہ دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔ انہیں صدارتی محل پہنچنے پر 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی ۔ پوپ فرانسس پہلے پاپائے روم ہیں جنہوں نے جزیرہ نما عرب پر قدم رکھا ہے۔

پاپائے روم اتوار کو تین روزہ دورے پر ابوظہبی پہنچے ۔ انہیں عربی گھوڑوں کے دستے کے ہمراہ صدارتی محل لایا گیا جہاں ابو ظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور یو اے ای کے نائب صدر ، وزیراعظم اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں نے پاپائے روم کا استقبال کیا۔

صدارتی محل پہنچنے پر پاپائے روم کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ ویٹی کن اور متحدہ عرب امارات کے ترانے بھی بجائے گئے۔ استقبالیہ تقریب کے بعد پاپائے روم نے یو اے ای کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ پوپ فرانس عیسائیوں کے پہلے روحانی پیشوا ہیں جنہوں نے جزیرہ نما عرب پر قدم رکھے ہیں۔

پاپائے روم ایک ایسے وقت میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہے ہیں جب یو اے ای نے 2019 کو رواداری کا سال قرار دے رکھا ہے۔ خیال رہے کہ پوپ فرانسس نے اتوار کو یو اے ای روانگی سے قبل یمن میں جاری جنگ کی بھی مذمت کی تھی ۔ یمن جنگ میں یو اے ای اور سعودی عرب اہم اتحادی ہیں۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.