پانامہ لیکس کیس،سپریم کورٹ کا نیا5 رکنی لارجر بینچ آج نئے سرے سے سماعت شروع کریگا

اسلام آباد   سپریم کورٹ کا نیا پانچ رکنی لارجر بینچ پاناما لیکس سے متعلق درخواستوں پر آج نئے سرے سے سماعت شروع کریگا، تحریک انصاف نے اضافی دستاویزات عدالت میں جمع کر ا دیں، وزیر اعظم اور بچوں نے وکلاءکی تبدیلی کی درخواست دیدی۔
نئے لارجر بنچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ ہوں گے۔ دیگر ارکان میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔
وکلاءکی تبدیلی کے بعد اب وزیر اعظم کی پیروی مخدوم علی خان، حسین اور حسن نواز کی سلمان اکرم راجہ جبکہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کا دفاع شاہد حامد کریں گے۔
تحریک انصاف نے منگل کو عدالت میں اضافی دستاویز جمع کرائیں۔ ان میں کہا گیا ہے کہ برٹش ورجن فنانشل تحقیقاتی ایجنسی، موزیک فونسیکا اور منروا سروسز کے مابین خط و کتابت سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ مریم نواز آف شور کمپنیوں کی بینیفیشل مالک ہیں جبکہ حسین اور مریم نواز کے درمیان ٹرسٹ ڈیڈ جھوٹی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے شریف برادران کی لندن میں جائیدادوں سے متعلق مصدقہ دستاویزات حاصل کر لی ہیں۔ یہ تمام دستاویزات برطانوی قانون کے مطابق سرکاری طور پر تصدیق شدہ ہیں اور انہیں حاصل کرنے میں جہانگیر ترین نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ تحریک انصاف کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں حاصل ہونے والی دستاویزات سے ثابت ہوتا ہے کہ شریف برادران 2006 سے پہلے بھی لندن میں ان جائیدادوں کے مالک تھے۔

تحریک انصاف نے 40 صفحات پر مشتمل یہ اضافی دستاویزات سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس میں بھی جمع کرادی ہیں، ان دستاویزات میں وزیر اعظم نواز شریف کے 2012 کے انٹرویو کا متن شامل ہے، اس کے علاوہ ان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ موزیک فرانزیکا نے منروا سورسز اور اور سامبا فنانشل گروپ کو ہر چھ ماہ بعد ملکیت کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر منروا سروسز نے مریم صفدر کو آف شور کمپنیوں کا بینی فیشل اونر بتایا تھا۔
علاوہ ازیں پاناما کیس کی سماعت کے لیے وزیراعظم اور ان کے بچوں نے وکیل تبدیل کرلیے ہیں، پاناما کیس میں حسین نواز اور حسن نوازکے وکیل اکرم شیخ کی جگہ اب سلمان اکرم راجہ وکالت کریں گے جب کہ حسن نواز نے وکیل تبدیلی کی درخواست بھی جمع کرادی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف اور مریم صفدر نے بھی اپنے اپنے وکلا تبدیل کر لیے ہیں اور پاناما کیس کی آئندہ سماعت پر وزیر اعظم کی جانب سے پاناما کیس میں مخدوم علی خان جب کہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی وکالت شاہد حامد کریں گے۔ اس کے علاوہ سلمان اسلم بٹ اب عدالت میں اسحاق ڈار کے وکیل کی حیثیت سے پیش ہوں گے۔
About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.