اضاخیل بالا، اور ڈاگئی جدید میں شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خان خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف اب بھی اس ملک کی سب سے بڑی مقبول سیاسی جماعت ہے، مخالفین کچھ بھی کرلیں تحریک انصاف کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، رسالپور کینٹ بورڈ کاضمنی الیکشن تحریک انصاف کے ساجد مشوانی دو تہائی اکثریت سے جیت گئے اے این پی کو اپنی حیثیت کااندازہ لگ گیا جبکہ پی پی پی اور مسلم لیگ ن کی تو ضمانتیں ضبط ہوگیئں، ہماری مخالف دینی اور سیاسی جماعتیں آج خود ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہیں اور عوام بھی سمجھ چکے ہیں کہ اس ملک کو مزید ان کرپٹ سیاست دانوں کی کوئی ضرورت نہیں۔جنھوں نے ہمیشہ غریبوں سے ووٹ حاصل کرکے بعد میں غریب عوام کو پوچھا تک نہیں، غریب عوام پر سرمایہ کاری تو دور کی بات انہوں نے ہمیشہ غریبوں سے نفرت کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ سیاسی لیٹرے ثابت کریں کہ انتخابات کے بعد انہوں نے واپس اپنے حلقوں میں مڑ کر نہیں دیکھا، اب یہ پھر جنازوں اور عوامی تقریبات میں نظر انے لگے ہیں، چونکہ 2018 میں انتخابات ہوں گے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وقتی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ہماری سیاست کا مقصدعوام کی خدمت ہے، مجھے ضلع نوشہرہ کے عوام پر فخر ہے جنھوں نے ہمیشہ ہم پر اعتماد کیا اور آج اگر میں وزیر اعلیٰ کی سیٹ تک پہنچا ہوں تویہ نوشہرہ کے عوام کی بدولت ممکن ہوا، عوام نے ہمیں بھاری مینڈیٹ دیا اور ہم نے 2013 کے انتخابات میں ضلع بھر کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں جیتیں، بلدیاتی انتخابات میں تینوں تحصیل اور ضلعی حکومت قائم کی اور بلدیاتی انتخابات میں 95 فیصد نسشتیں پی ٹی آئی نے جیتی،میں ضلع نوشہرہ کے عوام کا یہ احسان کبھی بھی نہیں بھول سکتا۔
انھوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کی اپ گریڈیشن کااعلان کردیا ہے، خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں اور مراعات پنجاب پولیس کے برابر ہوجائیں گی۔انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت تعلیم صحت، عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے پہلے دن سے کوشاں ہیں،افسوس سے کہنا پڑتا کہ سابقہ دور حکومت نے اداروں کو تباہ کیا، تعلیم صحت اورعوام کے بنیادی مسائل کے حل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، پاکستان میں70 برسوں سے دو کمروں کاپرائمری سکول جس میں دو اساتذہ چھ کلاسز کو پڑھاتے تھے ، غریب کے بچوں کے ساتھ ظلم تھا، ہسپتال ڈاکٹرز کے بغیر چلائے جارہے تھے، ہم نے سکولوں میں اساتذہ کی کمی پورے کرنے کے لیے 35 ہزار اساتذہ بھرتی کیے اور مزید بھرتی جاری ہے، اٹھائیس ہزارسکولوں میں کمروں، چار دیوواری اور واش رومز کی کمی پوری کررہے ہیں اور اس پر اربوں روپے خرچ کیے، 2018 کے انتخابات سے قبل کوئی سکول بغیر استاد اور بغیر فرنیچر کے بغیر نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسوں اور پیر امیڈیکس کی کمی پوری کردی ہے، ڈاکٹرز بھرتی کیے اور اسی طرح ہزاروں نرسز اور پیر امیڈیکس بھرتی ہوچکے ہیں ، ہسپتالوں کو بااختیار بورڈ کے حوالے کردیا گیا، تاکہ سہولیات غریب کو ان کی دہلیز پر مل سکیں ۔ انھوں نے کہا کہ اٹھارہ لاکھ خاندانوں کوصحت انصاف کارڈ فراہم کردئیے ہیں، آئندہ سال مزید اٹھارہ لاکھ خاندانوں کو صحت کار ڈ فراہم کریں گے کیونکہ غریب عوام کے پا س بیماریوں کے علاج کے لیے کوئی رقم نہیں، اسی وجہ سے ہم نے صحت کار ڈ جاری کیا کیونکہ یہ ریاست کی زمہ داری ہے ۔
انھوں نے کہا کہ سی پیک سے خیبرپختونخوامیں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، چین کے ساتھ ہونے والے معاہدوں سے سب سے زیادہ سرمایہ کاری خیبرپختونخوا میں ہوگی، چینی سرمایہ کاروں نے خیبرپختونخوا کا رخ کردیا ہے، کئی صنعتی اورتجارتی منصوبوں سمیت اہم پراجیکٹس پر معاہدے ہورہے ہیں اور اس ضمن میں اپریل کے پہلے ہفتے میں چین کادوسرا دورہ کررہاہوں ۔پرویز خٹک نے کہا کہ چین خیبرپختونخو ا میں اپنے کارخانے شفٹ کررہا ہے جس سے لاکھوں افراد کو روزگارملے گا اور صوبہ ایک بڑا تجارتی مرکز بن جائے گا، گلگت بلتستان دیر چترال روڈ ایک نیا بزنس کاریڈور بننے جارہا ہے، جس سے افغانستان ،وسطی ایشیاء ممالک، روس اور چین کے مابین زمینی فاصلے بہت کم ہو جائیں گے اوریہ خطہ مستقبل میں بہت بڑی اہمیت حاصل کررہا ہے۔