ٹڈی دل پر کنٹرول کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جارہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور(بی ایل آٸی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وسط جون اور جولائی میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے کے حوالے سے پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ زراعت اور پی ڈی ایم اے صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹڈی دل سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ ٹڈی دل پر کنٹرول کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جارہا ہے۔ ٹڈی دل کے خاتمے اور فصلوں کو بچانے کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فضائی اسپرے کے ساتھ گاڑیوں کے ذریعے بھی فصلوں کو بچانے کیلئے اسپرے جاری ہے۔ ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات جاری ہیں۔ 7 لاکھ 56 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر اسپرے کیا جاچکا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں ٹڈی دل کی موثر نگرانی کا عمل جاری ہے۔ ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کی جا رہی ہے۔ کاشتکاروں کو نقصان سے بچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں متعلقہ محکموں اوراداروں کو ہمہ وقت چوکس رہنا ہوگا۔ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔ کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔