ٹوکیو (نیوز ڈیسک) ایک جاپانی لوک داستان کے مطابق کئی سو سال پہلے ایک لڑکے نے اپنے بوڑھے والد سے انسانی جسم پر موجود طویل العمری کے پوائنٹ کا راز جان لیا اور پھر وہ اس پوائنٹ کا مساج کرتا رہا اور کئی شہنشاہ اس کی زندگی میں تخت نشین ہوئے اور دنیا سے رخصت ہوئے۔ چین اور جاپان میں صدیوں سے جسم کے اس خاص پوائنٹ کا مساج آکو پنکچر اور پریشر پوائنٹس طریقہ علاج کا حصہ چلا آرہا ہے۔ ٹانگ پر گھٹنے سے ذرا نیچے واقع اس پوائنٹ کو چینی زبان میں ’زوسان لی‘ کہا جاتا ہے اور اسے طویل العمری کا پوائنٹ اور ’سوبیماریوں کا علاج‘ بھی کہا جاتا ہے۔
اگر آپ اس خاص جگہ کو اپنی ٹانگ پر ڈھونڈنا چاہیں تو یہ یاد رکھیں کہ یہ گھٹنے سے تقریباً 3 انچ نیچے واقع ہے۔ اگر آپ گھٹنے کی ٹوپی کو اپنی ہتھیلی سے ڈھانپ لیں تو یہ پوائنٹ چھوٹی انگلی اور شہادت کی انگلی کے سروں کے درمیان واقع ہوگا۔ اسی طرح اگر آپ فرش پر پیروں کے بل بیٹھ کر گھٹنے کے نیچے ٹانگ کی سامنے کی طرف کو ٹٹولیں تو یہ پوائنٹ آپ کو ابھرا ہوا محسوس ہوگا۔
پوائنٹ ’زوسان لی‘ کے مساج سے جسم کے طاقتور ترین ایڈرینل گلینڈز متحرک ہوجاتے ہیں اور توانائی کی لہر ریڑھ کی ہڈی، نظام انہضام، جنسی اعضاء اور گردوں وغیرہ میں دورہ کرتی ہے۔
چینی و جاپانی طبیبوں کا ماننا ہے کہ اس پوائنٹ کے روزانہ مساج سے جسم میں انسولین، بلڈ پریشر نارمل ہوجاتا ہے، مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے، ہاضمہ بہتر ہوتا ہے، قبض سے نجات ملتی ہے، مردانہ کمزوری و مثانے کی بیماریاں ختم ہوجاتی ہیں، سردرد سے نجات ملتی ہے اور یادداشت بہتر ہوجاتی ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ یہ مساج صبح کے وقت کرنا بہتر ہے، اسے ناشتے کے بعد اور دوپہر کے کھانے سے پہلے کر لینا چاہئیے۔ پہلے ایک ٹانگ پر اس پوائنٹ پر 9 دفعہ گھڑی وار دائروں میں مساج کریں اور پھر اسی طرح دوسری ٹانگ پر 9 دفعہ دائروں میں مساج کریں۔ اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں اور ذہنی سکون و نیند میں بہتری چاہتے ہیں تو شام کے وقت دونوں ٹانگوں پر صبح کئے گئے مساج کی الٹی سمت دائروں میں مساج کریں۔ سونے سے عین پہلے اس مساج سے پرہیز کریں کیونکہ جسم میں توانائی متحرک ہونے سے نیند آنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔