دبئی سٹی (بی ایل آ ئی) ایک طرف امریکہ مسلمان ممالک کے شہریوں کا داخلہ بند کررہاہے تو دوسری طرف متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور حکمران شیخ محمد بن راشدا لمکتوم نے روس کے شہریوں کے لیے دروازے کھول دیئے ہیں اور ملک کے تمام داخلی پوائنٹس پر پہنچنے والے روسی شہریوں کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دیدی۔گزشتہ دوسالوں میں چھ لاکھ سے زائد روسی سیاحوں نے یواے ای کا رخ کیا تھا۔
خلیج ٹائمزکے مطابق پہلی دفعہ آنیوالے روسی شہریوں کو یواے ای پہنچنے پر 30دن کیلئے ویزاجاری کیاجائے گا اور اس کے بعد قواعدوضوابط کے مطابق ایک ہی مرتبہ 30دن کیلئے مزید تجدید کی جائے گی ۔ مقامی خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات میں وسعت ، معیشت اور ٹورازم کو پروان چڑھانے میں مدد ملے گی جبکہ متحدہ عرب امارات میں سیاحوں اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔
سرکاری اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات اور روس نے ہمیشہ مضبوط باہمی تعلقات سے فائدہ اٹھا ، دونوں ممالک کے درمیان معیشت، سیاحت اور کلین انرجی کواپریشن سمیت کئی معاہدے موجود ہیں۔ متحدہ عرب امارات گلف کواپریشن کونسل میں پہلے نمبرپر ہے جبکہ روس اس کا اہم ترین کاروباری اتحادی ہے ، یواے ای 66بلین درہم کیساتھ روس کا دسواں بڑاترین غیرملکی سرمایہ کارہے جبکہ 2015ء کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت 9بلین درہم تک پہنچ گئی تھی ۔
یہ بھی انکشاف ہوا کہ گزشتہ دوسالوں کے دوران چھ لاکھ روسی سیاحوں نے یواے ای کا رخ کیا اور عرب ایئرلائنز کی ہفتہ وار56پروازیں دونوں ممالک کے درمیان سروسز فراہم کرتی ہیں۔ حاکم دبئی کے حالیہ فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کی تعداد متوقع ہے جبکہ تجارت اور سیاحت میں بھی اضافے کا امکان ہے ۔