وکلاءدھونس جمائیں گے تو عدالتیں کیسے کام کریں گی ،جج سے وکلاءکی بدتمیزی کیس میں پاکستان اور پنجاب بارکونسلز کے وائس چیئرمین طلب
Feb 1, 2017BLI Newsتازہ ترینComments Off on وکلاءدھونس جمائیں گے تو عدالتیں کیسے کام کریں گی ،جج سے وکلاءکی بدتمیزی کیس میں پاکستان اور پنجاب بارکونسلز کے وائس چیئرمین طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس کاظم رضا شمسی ، جسٹس شہزاد اے ملک اور عاطر محمودپر مشتمل تین رکنی فل بنچ نے ایڈیشنل سیشن جج لاہور سے بد تمیزی اور تشدد کے معاملے پر پاکستان بار کونسل اور پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمینوں کونوٹس جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ وکلاءاگر دھونس جمائیں گے تو عدالتیں کیسے کام کریں گی۔
گزشتہ روز مبینہ بدتمیزی کرنے والے بیرسٹر احتشام امیر الدین اور ان کے دو ساتھی وکلا مہر احسن ا ور محمد انعام فل بنچ کے سامنے پیش ہوئے۔. بیرسٹر احتشام نے اعتراض کیا کہ ان کو ابھی تک ان کے خلاف شکایت کی کاپی اور فوٹیج فراہم نہیں کی گئی۔بیرسٹر احتشام نے بتایا کہ میرے خلاف میڈیا پر ویڈیو فوٹیج چلی ہے وہ ایڈٹ شدہ ہے جبکہ حقیقت کچھ اور ہے جس میں فریق مخالف کی زیادتی کو نہیں دیکھایا گیا ۔ فل بنچ نے ریمارکس دیئے کہ وکلا تنظیموں پاکستان بارکونسل اور پنجاب بار کونسل کو بھی سنیں گے کہ انہوں نے اس معاملے پر کیا کیا ہے۔ فل بنچ نے باور کرایا کہ یہ دیکھنا ہے کہ وکلاءاگر دھونس جمائیں گے تو عدالتیں کیسے کام کریں گی جس پر دیگر وکلاءنے درمیان میں بولنا شروع کر دیا تو عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ سب یوں بولنا شروع کر دیں گے تو سب کو عدالت سے نکال دوں گا،جہاں یہ سب کا معاملہ ہے وہاں یہ عدالت کا بھی معاملہ ہے ۔ دونوں فریقین کو سن کر فیصلہ کیا جائے گا۔فاضل عدالت نے تینوں وکلا کو شکایت کی کاپی اور فوٹیج فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 9فروری پر ملتوی کردی ۔بیرسٹر احتشام امیرالدین سمیت دیگر وکلا پر الزام تھا کہ انہوں نے ایڈیشنل جج کو تشدد کا نشانہ بنایاتھا اور ان کے ساتھ سخت بد تمیزی کی تھی ،ان وکلاءپر الزام تھا کہ عدالت کی جانب سے مرضی کا فیصلہ نہ دینے پر ایڈیشنل سیشن جج عرفان انجم پر تشدد کیا ۔جس پر انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور اور چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کو بھی تحریری شکایت کی تھی ۔