اسلام آباد:
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹرمحمد اسحق ڈار نے ملکی وسائل کے بہترین انتظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے برآمدی شعبوں کو ملکی تجارت بڑھانے کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ ہفتہ کو گورنراسٹیٹ بینک پاکستان اشرف محمود وتھرا سے ملاقات کر رہے تھے جنھوں نے ان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے اوپن گورنمنٹ پارٹنرشپ (اوجی پی) میں شمولیت کے لیے اپنے حالیہ دورہ پیرس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ یاد رہے کہ پارٹنرشپ بین الاقوامی فورم ہے جو حکومتوں کو مزید اوپن، قابل احتساب اور شہریوں کے لیے جواب دہ بنانے کے لیے کام کر رہا ہے، یہ فورم 2011 میں قائم ہوا اور اب تک 70 سے زائد ممالک اس میں شامل ہوچکے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے وزیرخزانہ کی پیرس روانگی سے قبل جاری کردہ ہدایات کے مطابق غیرقانونی منی ایکس چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے حالیہ اقدامات پر گفتگو کی اور وفاقی وزیر کو غیرملکی زرمبادلہ ذخائر کی تازہ ترین صورت حال اور برآمدی شعبوں کو سہولت کی فراہمی کے لیے ایس بی پی کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔