اسلام آباد(بی ایل ٰآئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان سیاستدانوں، صحافیوں، ماہرین تعلیم اور کاروباری افراد پرمشتمل وفد نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور افغان مفاہمتی عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کے شرکاء نے افغان امن عمل کے سلسلے میں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے پاکستان بالخصوص وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے عزم اور کاوشوں کی تعریف کی۔
وفد نے دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد سازی، دو طرفہ سیاسی و تجارتی تعاون کے فروغ سے متعلق اپنی تجاویز وزیر خارجہ کو پیش کیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قوی امید ہے افغانستان میں کئی دہائیوں پر محیط بدامنی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے مخلصانہ کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہونگی۔
انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں اور بالخصوص افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔