کراچی
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ایک ماہ کے اندر نئی بسیں چلانے کا حکم دے دیا۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت انٹرا سٹی اور انٹر سٹی بس منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ نے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے لیے اہم منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے منصوبے کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے ہیں کیونکہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ کسی صورت بھی حل کرنا ہے، اب تو شہر میں سڑکوں کا جال بھی بہتر ہو رہا ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیراطلاعات سید ناصر شاہ نے بتایا کہ اس منصوبے کے حوالے سے دی جانے والی سبسڈی کے لیے سندھ حکومت اور سندھ مضاربہ لمیٹڈ کے درمیان معاہدہ ہوچکا ہے، نجی کمپنی نے 288 بسیں پانچ روٹس پر چلانے کے لیے پیشکش کی ہے، ان روٹس میں قیوم آباد سے قصبہ کالونی، بلدیہ سے قائد آباد، شاہ فیصل کالونی سے فشریز، لانڈھی سے سرجانی ٹاؤن اور لانڈھی سے بلدیہ شامل ہیں، محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے نجی کمپنی کو 32 بسیں شاہراہ فیصل پر چلانے کی پیشکش کی ہے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبے کے لیے مزید 25 کروڑ 50 لاکھ روپے منظور کرلیے اور صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ کو ہدایت کی کہ 15 دن کے اندر بسیں شاہراہ فیصل پر چلنی چاہیے۔