
کراچی(عبدالستار مندرہ)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انڈر 10 اور12 سال کے لیاری کے بچوں کی فٹبال ٹیم جس نے قطر فٹبال ٹورنامنٹ میں شرکت کی اور کامیابی حاصل کی کے ہر ایک کھلاڑی کے لیے نقد ایک لاکھ روپیہ فی کس انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے لیاری میں فٹبال گرائونڈز کو ترقی دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے یہ اعلان آج وزیراعلیٰ ہائوس میں فٹبال کے کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات کے موقع پرکیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایاگیا کہ لیاری کی انڈر 10 اور 12 سال کی دو فٹبال ٹیموں نے قطر یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ میں حصہ لیا اور دونوں ٹیموں نے فائنل میں کامیابی حاصل کی۔ دو نوں ٹیموں کے 27 کھلاڑیوں جنہیں دو کوچ لیڈ کررہے تھے نے قطر کے ٹورنامنٹ میں شرکت
کی اور کامیابی حاصل کی ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ٹیموں اور کوچز اور ان بچوں کے والدین کو ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے لیاری میں فٹبال گرائونڈ کو ترقی دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور انہوں نے ہر ایک کھلاڑی کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام اور دونوں کوچز ہر ایک کے لیے دو لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہیں اپنے بچوں کی ٹیم پر فخر ہے جنہوں نےاپنی کارکردگی سے لیاری اور پاکستان کا نام روشن کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ اور آپ کے کھیلوں ، گرائونڈ اور دیگر سہولیات کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کریں گے اور آپ کو دنیا کے بہترین کھلاڑی بنائیں گے۔ مراد علی شاہ نے تمام بچوں/ فٹبال چیمپئن پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم بھی جاری رکھیں کیونکہ تعلیم آپ کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان کے کیرئیر کے سلسلے میں ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ مراد علی شاہ نے ہر ایک کھلاڑی کو فٹبال کٹ اور اجرک پیش کیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیراعلیٰ ہائوس کے لان میں ان چھوٹے چیمپئنز کے ساتھ فٹبال بھی کھیلی۔