لاہور ( بی ایل ٰآئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے ملاقات کی اور انہیں وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے لاہور آفس میں ہونے والی ملاقات میں عثمان بزدار اور ساجد جاوید نے پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ۔
ملاقات میں تعلیم و صحت کے شعبوں اور قانون کی حکمرانی کے پروگرام کے تحت تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ،اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں شراکت دار ہیں،تعلیم و صحت کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھائیں گے۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے تعاون سے مختلف شعبوں میں مثالی پروگرام چل رہے ہیں، ان پروگرامز کو وسعت دینا چاہتےہیں ۔
عثمان بزدار نے یہ بھی کہاکہ وزیراعظم نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ، تبدیلی کا آغاز پسماندہ علاقے کے ایم پی اے کو وزیراعلیٰ بناکر کیا گیا ہے ۔
ساجد جاوید نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں ، برطانیہ پنجاب حکومت سے تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے کمانڈر سینٹرل پنجاب پاکستان نیوی ریئرایڈمرل نوید احمد رضوی نے بھی ملاقات کی ،عثمان بزدار نے دفاع کا فریضہ بطریق احسن نبھانے پربحریہ کےافسروں اورجوانوں کوخراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ پاکستان نیوی خطے کی بہترین بحری قوت ہے۔