وزیراعلیٰ بلوچستان کی مراد علی شاہ سے ملاقات ، پانی کی تقسیم سمیت دونوں صوبوں کے مابین حل طلب امور کو افہام و تفہیم کے ساتھ طے کرنے پراتفاق

کراچی(بی ایل آ ئی)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پانی کی تقسیم سمیت دونوں صوبوں کے مابین دیگر حل طلب امور کو افہام و تفہیم کے ساتھ طے کرنے پراتفاق کیاگیا ہے جبکہ دونوں وزراء اعلیٰ نے بین الصوبائی سرحدوں پر سیکورٹی کے موثر اقدامات پر باہمی تعاون کے فروغ پربھی اتفاق کیاہے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے  وزیراعلیٰ سندھ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی , سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی ، سابق وزیراعلیٰ میر جان محمد جمالی، سنیٹر آغاز شہباز درانی، صوبائی مشیر محمد خان لہڑی ،اراکین صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو، میر اظہار حسین کھوسہ ، سندھ کے صوبائی وزراء ،میر ہزار خان بجارانی، منظور احمد وسان ، اراکین اسمبلی دونوں صوبوں کے سیکرٹری آبپاشی اور سندھ کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران بین الصوبائی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا , بالخصوص دونوں صوبوں کے مابین پانی کی تقسیم اور استعمال کے طے شدہ فارمولے پر عملدرآمد سے اتفاق کرتے ہوئے طے کیاگیا کہ دونوں صوبوں کے محکمہ آبپاشی کے سیکرٹری اور ماہرین اجلاس منعقد کرکے افہام و تفہیم کے ساتھ تمام امورطے کریں گے اور طے شدہ امور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا ۔

ملاقات میں دونوں صوبوں کے سرحدی علاقوں میں جرائم پیشہ اور شر پسند عناصر کی سرکوبی اور بین الصوبائی سرحدوں پر سیکورٹی کے مشترکہ موثر اقدامات پر بھی اتفاق کیاگیا اور طے پایا کہ دونوں صوبوں کے آئی جی پولیس ، سیکورٹی کے حوالے سے باہمی تعاون کے فروغ کیلئے اقدامات کریں گے۔ قبل ازیں دونوں صوبوں کی دیرینہ روایات کے مطابق وفود کے درمیان روایتی حال احوال کیاگیا اور وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان اور ان کے وفد کو روایتی سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحفے دیئے گئے,  وزیراعلیٰ بلوچستان نے پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.