حیدرآباد(بی ایل آ ئی) وزیراعظم نوازشریف نے حیدرآباد کے دورے کے موقع پر سندھ نیشنل فرنٹ کے سربراہ اور سابق گورنر ممتازبھٹو کو منانے کی کوشش کی تاہم ممتاز بھٹو کاکہناتھاکہ محبت کا رشتہ برقراررہے گا لیکن سیاسی راستے جدا ہیں،مزید آپ کو کندھا نہیں دے سکتے۔
نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق حیدرآباد کے دورے کے موقع پر راحیلہ مگسی کے گھر کھانے پر وزیراعظم نے ممتاز بھٹو کو اپنے ساتھ بٹھایا اور کہاکہ ممتازبھٹو ان کے بڑے ہیں ،ساتھ لے کر چلیں گے جس پرممتاز بھٹو نے برجستہ جواب دیا کہ رتوڈیرومیں بھی آپ نے یہی کہاتھا،اب ہمارے پاس وقت نہیں۔
ذرائع کاکہناہے کہ ممتاز بھٹو کے شکوے پر وزیراعظم نے جواب دیاکہ وہ سیاسی معاملات میں مصروف تھے ، اب وقت دیں گے ۔ کھانے کے بعد وزیراعظم نے ممتازبھٹو کا ہاتھ پکڑ کر ورکرکنونشن میں ساتھ لے جانے کی کوشش کی لیکن ممتاز بھٹو نے انکار کردیااور وزیراعظم نوازشریف سے کہاکہ ورکرکنونشن آپ کا ہے ، ان کانہیں۔