وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر کے اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کرلیا ۔
اسپورٹس ٹاسک فورس کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا،جس میں وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا، پرویز خٹک ، چیئرمین پی سی بی احسان مانی ،نعیم الحق ،افتخار درانی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی ۔
اجلاس میں کرکٹ ، ہاکی ،اسکواش، فٹبال سمیت تمام کھیلوں سے متعلقہ تنظیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی نے اجلاس کے شرکاء کو کرکٹ بورڈ کے امور پر بریفننگ دی ،انہوں نے وزیراعظم کو کھیلوں کی بہتری کے تجاویز پر مشتمل رپورٹ پیش کی ۔
رپورٹ میں تمام کھیلوں کی بہتری کےلئے انفراسٹرکچر بدلنے کی تجویز پیش کی گئی ،اسکواش اور اسنوکر سمیت دیگر کھیلوں میں ٹیلنٹ ضائع ہونے سے بچانے کےلئے تجاویز دی گئیں۔
اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر از سر نو جائزے کی بات بھی کی گئی ،رپورٹ میں تجویز دی گئی کہ ہاکی فیڈریشن کو کارپوریٹ ادارہ بنایا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے شعبے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، سیاسی مداخلت، بدانتظامی اور سہولتوں کے فقدان نے ملک کو کھیل کے شعبے میں پیچھے کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی اور مقابلے کی فضا سے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا جا سکتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں موجود اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا گیاجبکہ کھیلوں میں ملک کا نام روشن کرنے کے لیے نیا تنظیمی ڈھانچہ متعارف کرایا جائے گا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ نئے انتظامی ڈھانچے کا باقاعدہ اعلان رواں ماہ کے آخر تک کر دیا جائے گا۔