اسلام آباد: ملکی برآمدات میں کمی کے باعث وزیر اعظم نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی سالانہ ایکسپورٹ ٹرافی کی تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی جانب سے برآمدی سیکٹر میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے صنعت کاروں کے لیے منعقد کیے جانے والی سالانہ ایکسپورٹ ٹرافی تقریب میں شرکت کے لیے وقت مانگا گیا لیکن وزیر اعظم کی جانب سے ملکی برآمدات میںآئے روز ہونے والی کمی کے باعث اس تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا اور یہ بھی کہا گیا کہ دسمبر کے مہینے میں میرے پاس وقت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی جانب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے برآمدی سیکٹر کے صنعت کاروں میں ٹرافی کی تقسیم کے سلسلے میں ہر سال اس تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کے لیے وزیراعظم یا صدر کو بلایا جاتا ہے۔
ایف پی سی سی آئی کی جانب سے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بلانے کے باوجود وزیر اعظم نے اس تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا گیا ہے جس کے بعد کراچی میں آئندہ دنوں منعقد کی جانے والی اس تقریب کے لیے ایف پی سی سی آئی کی جانب سے چیئرمین سینٹ کو مدعو کر لیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایکسپریس کی جانب سے ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ ایف پی سی سی آئی کی جانب سے وزیر اعظم کو ایکسپورٹ ٹرافی کی تقریب میں آنے کی دعوت دی گئی تھی لیکن مصروفیت کے باعث وہ شرکت نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ایف پی سی سی آئی کی ایکسپورٹ ٹرافی تقریب میں شرکت سے انکار کا معاملہ میرے علم میں نہیں ہے۔