وزیراعظم نے ہری پورمیں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا،اگر درخت نہ لگائے تو پاکستان ریگستان بن سکتا ہے :عمران خان

اسلام آباد (بی ایل ٰآئی) وزیراعظم عمران خان نے ہری پورمیں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا، شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر میں 10 ارب پودے لگائے جائیں گے،شجرکاری مہم کا آغاز کرنے کے موقع پر وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی موجود تھے،شجرکاری مہم حکومت کے 10 ارب درختوں کی سونامی مہم کا ہی حصہ ہے۔شجرکاری مہم کا عنوان ’’پلانٹ فار پاکستان ‘‘ رکھا گیا ہے جس کے تحت ملک کے تمام بڑے شہروں میں بیک وقت 15 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جب کہ حکومت کا 5 سال میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہری پور میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج پورے ملک میں پلانٹ فارپاکستان شجرکاری مہم کاآغازکردیاہے، میں چاہتاہوں ہم سب اس گرین پاکستان مہم کاحصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان مہم کاحصہ بن کرہم آئندہ نسل کوآلودگی سے بچاسکتے ہیں،شجرکاری مہم کا مقصد گلوبل وارمنگ سے مقابلہ کرناہے،ہم نے پورے پاکستان کو سرسبزو شاداب کرنا ہے کیونکہ ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے پاکستان دنیا کے خطرناک ممالک کی فہرست میں ساتویں نمبر پر ہے۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سارے پاکستان کو ہرا کر دینا ہے ،یہ صرف حکومت کا کام نہیں یہ ساری قوم کا مسئلہ ہے،اگر درخت نہ لگائے گئے تو ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوگا اورمستقبل میں پاکستان ریگستان بن سکتا ہے ،ملک میں جہاں بھی خالی جگہ میسر ہوگی وہاں پودے لگائیں گے۔عمران خان کا کہناتھا کہ ہم اپنے ملک کو بچانے کیلئے درخت لگا رہے ہیں،شجرکاری مہم کا مقصدماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ہے ،ہماراملک ساتویں نمبرپرہے جس کو ماحولیاتی آلودگی کا خطرہ ہے،200 پوائنٹس پر آج پودے لگائے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم نے5 سال میں پاکستان کو ہرا کر دینا ہے،جہاں بھی خالی جگہ ملے گی وہاں پودے لگائے جائیں گے۔

دوسری طرف ’’پلانٹ فار پاکستان ‘‘ کے نام سے شروع کی گئی شجر کاری مہم کے تحت گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے گورنر ہاؤس میں پودا لگادیا اور کہا کہ ماحول کو بہتر بنانے میں درختوں کی افادیت اور اہمیت مسلمہ ہے،سرسبز و شاداب پاکستان وزیراعظم عمران خان کا عزم ہے اور اس مشن میں ہم سب ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

کوئٹہ میں وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی درخت لگا کر شجر کاری مہم کا حصہ بن گئے اور انہوں نے وزیرِاعلیٰ سیکریٹریٹ میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال کا کہنا تھا کہ لوچستان پسماندہ علاقہ ہے یہاں شجر کاری مہم کی اشد ضرورت ہے، آج بلوچستان میں 95 ہزار پودے لگائے جائیں گے اور اس مہم کو روکنے کے بجائے جاری رکھا جائے گا۔انہوں  نے واضح کیا کہ ایک ایک پودا لگانے سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ ان پودوں کو پانی بھی فراہم کرنا ہوگا جس کے لیے ضروری ہے انہیں ایسی جگہ لگایا جائے جہاں انہیں ٹیوب ویل سے پانی مل سکے۔وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں شجر کاری مہم کے تحت پودا لگاتے ہوئے مہم کا آغاز کیا، جبکہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ درختوں سے محبت رکھنے والے شخص ہیں،راولپنڈی ریلوے ڈویژن میں 3 نرسریاں بنائی جائیں گی جبکہ ریلوے لائین کی باؤنڈری کو بھی درخت لگا کر مضبوط بنایا جائے گا۔لاہور کے کیتھڈرل چرچ میں بھی ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایا گیا۔ لوئر دیر میں محکمہ جنگلات، فوج، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے شجرکاری مہم کا آغاز لوئر دیر کے علاقے تیمر گرہ ، ترئی ، میدان اور جندول سےکیا۔ کمانڈنٹ دیر ٹاسک فورس کرنل شہزاد امیر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ارشاد خان نے شجر کاری مہم کا افتتاح کیا، پولیس بھی اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سرگرم دکھائی دی۔

About BLI News 3271 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.