اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ان کی وزارت ’’جرنلسٹس سکیورٹی اینڈ سیفٹی بل‘‘کا ابتدائی مسودہ جلد تیا ر کر لے گی ،تین چار ممالک اور بین الاقوامی صحافتی تنظیموں کے قوانین کا موازنہ کر کے یہ بل تیار کیا گیا ہے جس میں صحافیوں، ان کی نوکریوں کے تحفظ اورہیلتھ انشورنس سمیت تمام پہلوؤں کو شامل کیا گیا ہے ، وزارت اطلاعات نے امپلیمنٹیشن ٹربیونل فار نیوز پیپرز ایمپلائز(آئی ٹی این ای) میں جج کی تعیناتی کے لئے سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی ہے، جلد آئی ٹی این ای کے جج کی نامزدگی ہو جائے گی۔
اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں وزارت اطلاعات و نشریات کی کوریج کرنے والے بیٹ رپورٹرز کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں گفتگو کر ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کے لئے ہم نے ایک بل بنایا ہے ، اس میں صحافیوں کے تحفظ ،صحت اورسیکیورٹی سمیت تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھا گیا ہے ، اس بل کا ابتدائی ڈارفٹ جلد تیار کرلیا جائے گا جس کے بعد صحافتی تنظیموں کویہ ڈرافٹ بھجوایا جائے گا ،جسکے بعد اس سے متعلق دی گئی تجاویز،ترامیم یا ایڈوائس کا جائزہ لیکر ان کو اس بل کا حصہ بنا کر پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ سیکیورٹی اینڈ سیفٹی بل ا لیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے لئے ہے جبکہ صحافیوں کی سکل بیس ٹریننگ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ،ہماری کوشش ہے کہ بیرون ممالک کے ٹرینرز کی خدمات حاصل کر کے برٹش کونسل اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز(نمل) کو بھی ساتھ ملاکر تربیتی پروگرام ترتیب دیئے جائیں۔