لاہور:
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگلے سال سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ سرگرمیاں بڑھنے والی ہیں۔
لاہور میں آئی سی سی ڈائریکٹر جائلز کلارک کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہورہی ہے، اگلے سال سے ملک میں کرکٹ کی سرگرمیاں بڑھنے والی ہیں، ورلڈ الیون سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کے 5 کھلاڑی پاکستان آئے ہیں، اب ان کی ٹیم کو یہاں لانے میں زیادہ محنت نہیں کرنا پڑے گی، نیوزی لینڈ کو دورہ پاکستان کیلئےقائل کرنے کی پوری کوشش کریں گے، ورلڈ الیون کے دورے سے دنیا کو اچھا پیغام جائے گا اور صرف پی سی بی ہی نہیں بلکہ پاکستان کا امیج بلند ہوگا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی کھڑکی سب سے پہلے زمبابوے نے کھولی، پی ایس ایل فائنل سے بھی عالمی کرکٹ کو واپس لانے میں مدد ملی، آج پاکستان کی عوام کےلیے خوش آئند دن ہے، ورلڈ الیون نہ آتی تو نہ جانے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی میں کتنے سال لگ جاتے۔
آئی سی سی کے ڈائریکٹر جائلز کلارک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستانی قوم کو طویل سفر طے کرنا پڑا جس کی یہ سیریز ابتدا ہے، لاہورمیں پی ایس ایل کا فائنل اہم اقدام تھا، پاکستان ٹور کو ممکن بنانے میں جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ اور سیکیورٹی حکام کا شکر گزار ہوں، ورلڈ الیون کے دورے کیلئے اینڈی فلاور کا کردار قابل تحسین ہے، 2011 سے پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لے رہے تھے، پاکستانی حکومت نے سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے بہت سرمایہ لگایا، کوشش ہے دیگر ٹیمیں بھی پاکستان کے دورے پر آئیں ۔
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کی آمد میں وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب اور آرمی چیف نے بھرپور تعاون کیا ہے جس کے باعث لاہور میں تین دن کرکٹ ہوگی جسے دنیا دیکھے گی اور مثبت پیغام جائے گا۔
جائلز کلارک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے، پاکستان کے عوام انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، یہ ان تمام کرکٹ بورڈز کے بغیر ممکن نہیں ہو سکتا تھا جنہوں نے کھلاڑیوں کو این او سی فراہم کیے، غیر معمولی کوششیں اور بہت زیادہ حوصلے کے باعث یہ سب ممکن ہوا اور ہم بہت ہی خوش ہیں کہ ورلڈ الیون کے میچز لاہور میں ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نے ورلڈ الیون کا راستہ کھولا اب اس سے سری لنکا کی آمد ہوگی اور پھر ویسٹ انڈیز آئے گی اور پھر انٹرنیشنل میچز کا سلسلہ چلتا رہے گا، پاکستان کے عوام کیلئے یہ بہت ہی خوشی کا دن ہے ، ان کی دعاﺅں کی بدولت یہ ممکن ہوا ہے، اگر ایسا نہ ہوتا تو پتہ نہیں پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی میں کتنے سال لگ جاتے، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اور آرمی چیف نے بہت حوصلہ دیا اور انتظامات کیے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون انٹرنیشنل کرکٹ کی کھڑکی ہے ، میچز کھیلنے والے کھلاڑی جب اپنے اپنے ملکوں میں جا کر اچھے خیالات کا اظہار کریں گے تو اس سے پورے پاکستان کا سر بلند ہوگا۔