مانچسٹر ( بی ایل آٸی)آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے 22ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس ( ڈی ایل ایس ) میتھڈ کے تحت 89رنز سے شکست دے دی ۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء میں 22واں میچ بارش سے متاثر ہونے کے بعد پاکستان کو نیا ہدف مل گیا،جیت کےلئے گرین شرٹس کو 40 اوورز میں 302 رنز بنانے ہوں گے۔
پاکستانی اننگز کے 35ویں اوورز میں بارش نے ایک بار پھر میچ میں انٹری دی،اس موقع پر گرین شرٹس نے 6وکٹ پر 166رنز بنالئے تھے۔
ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت اس موقع پر پاکستان کا اسکور 6وکٹ پر 252 رنز ہونا چاہیے تھا۔
ورلڈ کپ کے سب سے بڑے میچ میں بھارتی ہدف کے تعاقب میں پاکستانی کی بیٹنگ لائن مشکل میں پھنس گئی ،امام الحق 18 گیندوں پر 7، کپتان سرفراز احمد 12، محمد حفیظ 9 اور شعیب ملک صفر رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔
پہلی وکٹ صفر 13 رنز پر گر جانے کے بعد دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور فخر زمان نے 104 رنز کی شراکت قائم کی۔
اس دوران پاکستانی اوپنر فخر زمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، کئی دلکش اسٹروکس لگائے اور چیمپئز ٹرافی میچ کی یاد تازہ کرنے کی کوشش کی۔
337 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں117 کے اسکور پر بھارتی بولر کلدیپ یادیو نے 104 رنز کی شراکت توڑ دی،انہوں نے 48 رنز بنانے والے بابر اعظم کو بولڈ کردیا۔
126 کے اسکور پر اوپنر فخر زمان 62رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، ان کی وکٹ بھی کلدیپ یادیو کے حصے میں آئی۔
129کے اسکور پر 26ویں اوورز میں ہرتیک پانڈیا نے لگاتار 2 گیندوں پر محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے سینئر بیٹسمینوں کی وکٹیں اپنے نام کرلیں۔
چھٹی وکٹ پر کپتان سرفراز احمد عماد وسیم نے اسکور میں 36رنز کا اضافہ کیا لیکن 12 رنز بنانے والے پاکستانی کپتان کو 165 کے اسکور پر وجے شنکر نے بولڈ کردیا۔
مانچسٹر میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی،یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا۔
بھارت نے روہیت شرما کے 140، ویرات کوہلی کے77اور راہول کے57 رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر 336رنز کا مجموعہ سجایا۔